کمشنر کراچی کی زیرِ صدارت فورتھ ریویو میٹنگ، چیئرمین منگھوپیر ٹاؤن کی شرکت
کراچی: کمشنر کراچی کی زیرِ صدارت ڈپٹی کمشنر آفس کراچی ویسٹ میں فورتھ ریویو میٹنگ منعقد ہوئی، جس میں مالی سال 2024-25 اور 2025-26 کے سالانہ ترقیاتی پروگرام (ADP) کے تحت جاری ترقیاتی اسکیموں، پراپرٹی ٹیکس، سوئی سدرن گیس کمپنی (SSGC)، سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ، مینٹیننس اینڈ ریپیئر، روڈ کٹنگ، کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن (KWSC) اور دیگر ترقیاتی و انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں مختلف محکموں کی کارکردگی، جاری منصوبوں کی پیش رفت، درپیش مسائل اور ان کے مؤثر حل پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں ڈپٹی کمشنر کراچی ویسٹ ذوالفقار علی میمن، اسسٹنٹ کمشنر اورنگی، اسسٹنٹ کمشنر منگھوپیر، اسسٹنٹ کمشنر مومن آباد، ٹاؤن میونسپل کارپوریشن منگھوپیر کے چیئرمین حاجی نواز علی بروہی، میونسپل کمشنر آغا خالیق، بی اینڈ آر ڈیپارٹمنٹ سے آفاق عالم، ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن حافظ محمد شعیب، انچارج روڈ کٹنگ عبدالغفار جتوئی، ڈپٹی ڈائریکٹر پراپرٹی ٹیکس اور متعلقہ محکموں کے دیگر افسران نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران چیئرمین حاجی نواز علی بروہی نے منگھوپیر ٹاؤن میں جاری ترقیاتی منصوبوں، سالانہ ترقیاتی پروگرام (ADP) کی اسکیموں، بلدیاتی خدمات، بنیادی انفراسٹرکچر کی بہتری، سڑکوں کی تعمیر و بحالی، نکاسیٔ آب، صفائی ستھرائی، پارکوں اور دیگر عوامی فلاحی منصوبوں پر جامع بریفنگ دی۔ انہوں نے جاری اسکیموں کی پیش رفت، مقررہ مدت میں تکمیل کے لیے کیے گئے اقدامات اور مستقبل کی ترقیاتی حکمتِ عملی سے بھی اجلاس کو آگاہ کیا۔
میونسپل کمشنر آغا خالیق نے مختلف ترقیاتی منصوبوں کی تکنیکی پیش رفت، انتظامی امور اور جاری ترقیاتی سرگرمیوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی، جبکہ ڈپٹی ڈائریکٹر پراپرٹی ٹیکس نے پراپرٹی ٹیکس کی وصولیوں، مقررہ اہداف، ریونیو میں اضافے اور ٹیکس نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے کیے گئے اقدامات پر اجلاس کو بریف کیا۔
اس موقع پر چیئرمین ٹاؤن میونسپل کارپوریشن منگھوپیر حاجی نواز علی بروہی نے کہا کہ "منگھوپیر ٹاؤن کی تعمیر و ترقی، عوام کو معیاری بلدیاتی سہولیات کی فراہمی اور شہری مسائل کا پائیدار حل ہماری اولین ترجیح ہے۔ ہم صرف ترقیاتی منصوبوں کا آغاز نہیں بلکہ ان کی بروقت، شفاف اور اعلیٰ معیار کے مطابق تکمیل کو اپنی ذمہ داری سمجھتے ہیں۔ ہماری پوری ٹیم عوامی خدمت کے جذبے کے تحت شب و روز محنت کر رہی ہے تاکہ ہر یونین کونسل میں ترقیاتی کاموں کے ثمرات بلاامتیاز عوام تک پہنچ سکیں۔”
انہوں نے مزید کہا کہ "منگھوپیر ٹاؤن کو جدید، صاف ستھرا، منظم اور ترقی یافتہ بلدیاتی ماڈل میں تبدیل کرنا ہمارا مشن ہے۔ کمشنر کراچی، ضلعی انتظامیہ اور تمام متعلقہ اداروں کے تعاون سے جاری ترقیاتی منصوبوں کی رفتار مزید تیز کی جائے گی، جبکہ شفافیت، معیار اور بروقت تکمیل پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ ان شاء اللہ عوام کا اعتماد ہماری سب سے بڑی طاقت ہے، اور ہم اس اعتماد پر پورا اترتے ہوئے منگھوپیر ٹاؤن کو ترقی اور خوشحالی کی نئی منزلوں تک پہنچائیں گے۔”
اجلاس کے دوران کمشنر کراچی نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ جاری ترقیاتی منصوبوں کی رفتار مزید تیز کی جائے، اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ اور باہمی تعاون کو یقینی بنایا جائے، جبکہ عوامی مسائل کے بروقت اور پائیدار حل کے لیے مربوط اور مؤثر حکمتِ عملی اختیار کی جائے تاکہ شہریوں کو بلاتاخیر معیاری بلدیاتی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
اجلاس کے اختتام پر کمشنر کراچی، ڈپٹی کمشنر کراچی ویسٹ اور دیگر متعلقہ افسران نے منگھوپیر ٹاؤن میں جاری ترقیاتی سرگرمیوں، سالانہ ترقیاتی پروگرام (ADP) کی اسکیموں پر ہونے والی پیش رفت اور چیئرمین حاجی نواز علی بروہی کی جانب سے پیش کی گئی جامع بریفنگ کو سراہتے ہوئے اطمینان کا اظہار کیا۔ اس موقع پر اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ تمام جاری ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کرکے منگھوپیر ٹاؤن کے عوام کو مزید بہتر، معیاری اور پائیدار بلدیاتی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔
