گلبرگ ٹاؤن کا فیڈرل بی ایریا میں جلد شٹل اور سائیکل سروس شروع کرنے کا اعلان

گلبرگ ٹاؤن کا فیڈرل بی ایریا میں جلد شٹل اور سائیکل سروس شروع کرنے کا اعلان

کراچی: گلبرگ ٹاؤن کے زیرِ اہتمام "میڈیا کنیکٹ” پروگرام کا انعقاد کیا گیا، جس میں پرنٹ، الیکٹرانک اور ڈیجیٹل میڈیا سے تعلق رکھنے والے صحافیوں، اینکرز، وی لاگرز اور سوشل میڈیا انفلوئنسرز نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب کا مقصد گلبرگ ٹاؤن کی گزشتہ تین برسوں کی کارکردگی، جاری ترقیاتی منصوبوں اور آئندہ کے منصوبوں سے میڈیا کو آگاہ کرنا اور عوام تک مستند معلومات کی مؤثر ترسیل کو فروغ دینا تھا۔

اس موقع پر ٹاؤن چیئرمین نصرت اللہ نے گلبرگ ٹاؤن کی کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ جماعتِ اسلامی کی قیادت میں عوامی خدمت، شفافیت اور میرٹ کو اولین ترجیح دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ محدود وسائل اور اختیارات کے باوجود گلبرگ ٹاؤن نے فیڈرل بی ایریا میں ایسے ترقیاتی منصوبے مکمل کیے ہیں جن سے براہِ راست لاکھوں شہری مستفید ہو رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ تین برسوں میں 22 لاکھ 79 ہزار مربع فٹ سے زائد سڑکوں کی تعمیر، کارپیٹنگ اور پیور بلاک کا کام مکمل کیا گیا، جبکہ 25 پارکس کو جدید سہولیات، بچوں کے جھولوں، واکنگ ٹریکس، فواروں، منی فاریسٹ اور خوبصورت لینڈ اسکیپنگ کے ساتھ مکمل طور پر بحال کیا گیا۔ اسی طرح 8 پارکس میں اوپن ایئر جم قائم کیے گئے، جبکہ بلاک 10 میں مرد و خواتین کے لیے علیحدہ اوقات کار کے ساتھ گلبرگ ٹاؤن کا پہلا مفت فٹنس کلب بھی قائم کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ماحول دوست اقدامات کے تحت فیڈرل بی ایریا کے مختلف بلاکس میں تقریباً 10 رین واٹر اور وضو واٹر ہارویسٹنگ سسٹمز نصب کیے گئے ہیں، جبکہ ہر مون سون شجرکاری مہم کے دوران سیکڑوں پودے لگانے کے ساتھ شاہراہوں کے اطراف گرین بیلٹس اور شہری جنگلات بھی فروغ دیے جا رہے ہیں۔

تعلیم کے شعبے میں ٹاؤن چیئرمین نے بتایا کہ تقریباً 3 ہزار طلبہ کو 10 ہزار روپے مالیت کے "تعلیم کارڈ” فراہم کیے گئے، جن سے وہ یونیفارم، کورس میٹریل اور دیگر تعلیمی ضروریات پوری کر رہے ہیں۔ اس کے علاوہ 200 سے زائد نمایاں میٹرک اور انٹرمیڈیٹ طلبہ کو "شائننگ اسٹارز” پروگرام کے تحت لیپ ٹاپس اور تعریفی اسناد سے نوازا گیا، جبکہ اساتذہ کی تدریسی صلاحیتوں میں اضافے کے لیے ماہر ماہرینِ تعلیم کی نگرانی میں تربیتی پروگرام بھی منعقد کیے گئے۔

انہوں نے کہا کہ سمن آباد پرائمری ہیلتھ یونٹ کی اپ گریڈیشن کے بعد صرف ایک سال کے دوران ایک لاکھ سے زائد شہریوں کو معیاری طبی سہولیات فراہم کی گئیں۔ اسی طرح گزشتہ تین برسوں میں تقریباً 25 ہزار اسٹریٹ لائٹس نصب، مرمت اور بحال کی گئیں، جبکہ عرصہ دراز سے غیر فعال ٹاؤن کی گاڑیوں اور مشینری کو دوبارہ فعال بنا کر عوامی خدمت میں شامل کیا گیا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ جامعہ کراچی کے ساتھ مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط کیے جا چکے ہیں، جس کے تحت فیڈرل بی ایریا کے طلبہ کے لیے کراچی یونیورسٹی کی پوائنٹ بس سروس کی بحالی پر کام جاری ہے۔

ٹاؤن چیئرمین نصرت اللہ نے کہا کہ واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن ایک علیحدہ ادارہ ہے اور پانی و سیوریج کے منصوبے گلبرگ ٹاؤن کی آئینی ذمہ داری میں شامل نہیں، تاہم شہریوں کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے گلبرگ ٹاؤن اب تک تقریباً 70 کروڑ روپے مالیت کے پانی اور سیوریج کے ترقیاتی کام مکمل کروا چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے اور جہاں بھی شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہوگا، گلبرگ ٹاؤن اپنے محدود اختیارات کے باوجود ان کے حل کے لیے کردار ادا کرتا رہے گا۔

انہوں نے اعلان کیا کہ فیڈرل بی ایریا میں بہت جلد شٹل سروس اور سائیکل سروس کا آغاز کیا جائے گا، جس سے طلبہ، خواتین، بزرگوں اور دیگر شہریوں کو محفوظ، آسان اور ماحول دوست سفری سہولیات میسر آئیں گی۔

اپنے خطاب کے اختتام پر ٹاؤن چیئرمین نصرت اللہ نے کہا کے "جماعتِ اسلامی کے امیر کراچی حافظ نعیم الرحمٰن کے وژن کے مطابق گلبرگ ٹاؤن اپنے محدود اختیارات اور وسائل کے باوجود عوامی خدمت کے لیے اپنی ذمہ داریوں سے بڑھ کر کام کر رہا ہے۔ ہمارا مقصد صرف ترقیاتی منصوبے مکمل کرنا نہیں بلکہ فیڈرل بی ایریا کو کراچی کا ایک مثالی، صاف، سرسبز، محفوظ اور جدید علاقہ بنانا ہے۔ ان شاء اللہ عوامی خدمت کا یہ سفر مزید تیزی سے جاری رہے گا۔”

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں