16ویں انٹرنیشنل جو جِٹسو مقابلوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد
کراچی: 16ویں انٹرنیشنل جو جِٹسو مقابلوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گولڈ، سلور اور برونز میڈلز حاصل کرنے والے کراچی مارشل آرٹ سینٹر کے بچوں اور بچیوں کے اعزاز میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی چیئرمین گلبرگ ٹاؤن نصرت اللہ تھے، جنہوں نے بین الاقوامی مقابلوں میں کامیابی حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں میڈلز تقسیم کیے اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔
اس موقع پر چیئرمین گلبرگ ٹاؤن نصرت اللہ نے نئے داخل ہونے والے بچوں میں یلو بیلٹس بھی تقسیم کیں۔
چیئرمین گلبرگ ٹاؤن نصرت اللہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ کھیلوں کے فروغ اور نوجوان نسل کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ کراچی مارشل آرٹ سینٹر کے بچوں اور بچیوں نے بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا کر نہ صرف اپنے ادارے بلکہ شہر کراچی کا نام بھی روشن کیا ہے۔ ان کھلاڑیوں کی کامیابی ان کی محنت، لگن اور کوچز کی بہترین تربیت کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ گلبرگ ٹاؤن انتظامیہ نے ٹاؤن میں کھیلوں کے فروغ کے لیےپارک و پلے گراؤنڈ آبادکر رہے ہیں ابھی تک 45 کے قریب پارک اور سات سے زائد پلے گراؤنڈ میں فیڈ لائٹ تنصیب کی جا چکی ہیں کھیلوں کے فروغ اور نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے ٹاؤن انتظامیہ اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔ تقریب کے اختتام پر کامیاب کھلاڑیوں اور ان کے کوچز کو مبارکباد پیش کی گئی۔
