متاثرہ عمارت میں پھنسے افراد کو نکالنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں:مرتضی وہاب
کراچی: میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا پاکستان ایڈمن سوسائٹی میں زیرِ تعمیر عمارت کے انہدام کے مقام کا دورہ۔
میئر کراچی نے جائے حادثہ پر جاری ریسکیو آپریشن کا معائنہ کیا اور امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔
میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ہماری اولین ترجیح انسانی جانوں کو محفوظ بنانا اور متاثرہ افراد کو فوری امداد فراہم کرنا ہے۔بلدیہ عظمیٰ کراچی اور ضلعی انتظامیہ کی ٹیمیں مشترکہ طور پر ریسکیو آپریشن میں مصروف ہیں۔
میئر کراچی کا کہنا تھا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے میونسپل سروسز سمیت تمام متعلقہ محکمے ریسکیو آپریشن مکمل ہونے تک جائے وقوع پر موجود رہیں گے۔متاثرہ عمارت میں پھنسے افراد کو بحفاظت نکالنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ریسکیو آپریشن میں کسی قسم کی غفلت نہیں برتی جائے گی، تمام متعلقہ ادارے باہمی رابطے اور مکمل ہم آہنگی کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔
میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ جائے حادثہ پر امدادی سرگرمیوں کو تیز کرنے اور تمام ضروری سہولیات کی فراہمی کے لیے متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
