شہادتِ کربلا حق و باطل، عدل و ظلم اور اصول پرستی کی عظیم ترین داستان ہے: عبدالجمیل خان
کراچی: چئرمین لانڈھی عبدالجمیل خان نے کہا ہے کہ شہادتِ کربلا حق و باطل، عدل و ظلم اور اصول پرستی کی عظیم ترین داستان ہے۔
۱۰محرم الحرام ۶۱ ہجری کو میدانِ کربلا میں نواسۂ رسول، حضرت امام حسینؓ نے اپنے ۷۲ جانثار ساتھیوں کے ساتھ یزید کی باطل حکومت کی بیعت سے انکار کرتے ہوئے اپنی جان قربان کر دی اور اسلام کے آفاقی اصولوں کو حیاتِ نو بخشی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم عاشور کے موقع پر عزداران میں نیاز و لنگر تقسیم کرنے کے موقع پر وائس چئیرمین محمد عمران کے ہمراہ کیا
اس موقع پر انہوں نے مزید کہا کہ کربلا کی قربانی محض ایک تاریخی واقعہ نہیں بلکہ ایک مکمل فلسفۂ حیات ہے۔ اس کا بنیادی درس یہ ہے کہ ظالم اور جابر حکمران کے سامنے کلمۂ حق بلند کرنا عینِ عبادت ہے، چاہے اس کے لیے اپنی جان کا نذرانہ ہی کیوں نہ پیش کرنا پڑے۔ امام حسینؓ نے میدانِ کربلا میں انسانیت، حریت، صبر اور ایثار کی وہ شمع جلائی جو آج بھی دنیا بھر کے مظلومین کے لیے مشعلِ راہ ہے
