سرجانی میں بجلی فراہمی سے متعلق مسائل حل کے لیے کےالیکٹرک حکام کے ساتھ اہم اجلاس
کراچی: یونین کونسل سرجانی میں شہریوں کو بجلی کی فراہمی سے متعلق درپیش مسائل کے حل کے لیے کے-الیکٹرک کے متعلقہ حکام کے ساتھ اہم اجلاس منعقد ہوا، جس کی سرپرستی ٹاؤن چیئرمین حاجی نواز علی بروہی اور وائس چیئرمین رانا محمد عارف نے کی۔ اجلاس میں ٹاؤن ممبران اور علاقے کے فوکل پرسنز نے بھی شرکت کی۔
اجلاس میں یونین کونسل سرجانی کے مختلف علاقوں میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ، بجلی کی فراہمی میں تعطل، اوور بلنگ، غلط ریڈنگ اور بلنگ سے متعلق دیگر عوامی شکایات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ ٹاؤن انتظامیہ کی جانب سے شہریوں کو درپیش مسائل اور عوامی شکایات کے-الیکٹرک حکام کے سامنے واضح طور پر پیش کی گئیں۔
اس موقع پر ٹاؤن چیئرمین حاجی نواز علی بروہی نے کہا کہ بجلی کی مسلسل اور بہتر فراہمی شہریوں کی بنیادی ضرورت ہے، اس لیے یونین کونسل سرجانی میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ، بجلی کی فراہمی میں تعطل اور بلنگ سے متعلق شکایات کا فوری ازالہ ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل کے حل کے لیے کے-الیکٹرک حکام کے ساتھ براہِ راست رابطہ اور مؤثر رابطہ کاری کو یقینی بنایا جائے گا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ یونین کونسل سرجانی میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور بجلی کی فراہمی سے متعلق دیگر مسائل کے حل کے لیے کے-الیکٹرک حکام فوری اقدامات کریں گے، جبکہ غلط ریڈنگ، اوور بلنگ اور دیگر بلنگ شکایات کے ازالے کے لیے بھی ترجیحی بنیادوں پر کارروائی کی جائے گی۔ علاقے میں فنی خرابیوں، بار بار بجلی کی بندش اور دیگر شکایات کے حل کے لیے ٹاؤن انتظامیہ اور کے-الیکٹرک کے درمیان براہِ راست رابطہ برقرار رکھا جائے گا اور طے شدہ امور پر پیش رفت کا مسلسل فالو اَپ کیا جائے گا۔
حاجی نواز علی بروہی نے کہا کہ ٹاؤن انتظامیہ شہریوں کے مسائل کے حل کے لیے متعلقہ اداروں کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہے گی اور عوام کو ریلیف کی فراہمی کے لیے ہر ممکن عملی کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوامی شکایات کو صرف اجلاس تک محدود نہیں رکھا جائے گا بلکہ ان کے حل اور پیش رفت کا باقاعدگی سے جائزہ لیا جائے گا۔
وائس چیئرمین رانا محمد عارف نے کہا کہ یونین کونسل سرجانی کے شہریوں کو بجلی سے متعلق درپیش مسائل کے حل کے لیے کے-الیکٹرک کے ساتھ مؤثر رابطہ کاری ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کی شکایات کے ازالے اور انہیں ریلیف کی فراہمی کے لیے ٹاؤن انتظامیہ اپنی کوششیں جاری رکھے گے۔
