"سندھ تھیٹر فیسٹیول 2026ء” کے پانچویں روز ڈرامہ "سکرات” پیش کر دیا گیا

آرٹس کونسل آف پاکستان لاڑکانہ میں جاری "سندھ تھیٹر فیسٹیول 2026ء” کے پانچویں روز ڈرامہ "سکرات” پیش کر دیا گیا

لاڑکانہ: آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی اور آرٹس کونسل آف پاکستان لاڑکانہ کے مشترکہ تعاون سے جاری "سندھ تھیٹر فیسٹیول2026۔ لاڑکانو” کے پانچویں روز ڈرامہ "سکرات” پیش کیا گیا جس کے مصنف افق بشیر چنہ جبکہ ہدایت کار فقیر محمد عرف کھیرو بڑو تھے۔

ڈرامے میں اسٹیج اور ڈراموں کے معروف اداکار کھیرو بڑو، سیما چانڈیو، ظفر کوکر، داد محمد بلوچ، ابی بوس اور عارف نے اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔

ڈرامے کی کہانی دیہی علاقوں میں رائج فرسودہ رسومات، وڈیروں اور مرشدوں کی جانب سے کیے جانے والے غلط فیصلوں کے گرد گھومتی ہے۔ ڈرامے میں دکھایا گیا کہ ایک شخص گاؤں میں قرض لیتا ہے، تاہم قرض کی رقم واپس نہ کرنے پر قرض دینے والے سے اس کا جھگڑا ہوجاتا ہے۔ دوسری جانب قرض لینے والے کا بھتیجا قرض دینے والے کی بیٹی سے بدتمیزی کرتا ہے، جس پر لڑکی اسے تھپڑ مار دیتی ہے۔ بعد ازاں لڑکی کی محبت قرض لینے والے کے بیٹے سے ہوجاتی ہے اور وہ اس کے گھر آنا جانا شروع کردیتی ہے۔ جس لڑکی نے تھپڑ مارا ہوتا ہے، وہ لڑکے سے بدلہ لینے کے لیے اپنے چچا کو اکساتا ہے کہ اپنی بے عزتی کا بدلہ لینے کے لیے اپنی بیمار بیٹی کو قرض دینے والے کے بیٹے کے ساتھ ’’کاری‘‘ قرار دے کر بدلہ لیا جائے، جبکہ پانچ لاکھ روپے قرض کی رقم بھی ’’چٹی‘‘ میں پوری ہوجائے گی۔

اس کے بعد بھتیجے کے اکسانے پر وہ اپنی بیمار بیٹی سورمی کو قتل کردیتا ہے اور قتل کا الزام قرض دینے والے کی بیٹی ابی بوس پر عائد کردیا جاتا ہے۔ بعد ازاں رسم و رواج کے تحت قرض دینے والے کی بیٹی کو ’’کاری‘‘ کے عوض دے دیا جاتا ہے، جس سے وہ شخص خود شادی کرلیتا ہے اور گھر میں اس پر مسلسل شدید تشدد کرتا رہتا ہے۔ تشدد کے نتیجے میں لڑکی جاں بحق ہوجاتی ہے۔ مقتولہ کا والد انصاف کے حصول کے لیے عدالتوں کا دروازہ کھٹکھٹاتا ہے۔ بالآخر وڈیرے، مرشد اور قاتل کے بھتیجے کو عدالت سے سزا سنائی جاتی ہے۔آخر میں شائقین نے ڈرامے کی کہانی کو بہت پسند کیا اور فنکاروں کو تالیاں بجاکر خوب داد دی۔ تھیٹر میں سید جاوید شاہ، نصیر محمد کھاوڑ، ندیم اختر سومرو، نثار مغيری سمیت دیگر افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں