کراچی: چیئرمین محمد یوسف کا نیو کراچی ٹاؤن کوبلدیاتی مسائل سے پاک بنانے کا عزم۔چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف اور وائس چیئرمین شعیب بن ظہیر کا نارتھ کراچی کے مختلف علاقوں کا دورہ۔ سوئی سدرن گیس کمپنی کی جانب سے ڈالی جانے والی گیس لائنوں کا معائنہ کیا۔
اس موقع پریوسی چیئرمین و وائس چیئرمین،اراکین یونین کمیٹی،انچارج بی اینڈ آر فیصل صغیر،انچارج روڈ کٹنگ محمد نادر و دیگر ٹاؤن افسران بھی موجود تھے۔چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے نارتھ کراچی میں سیکٹر 5C/2 میں SSGC کی جانب سے گیس لائنوں کی تنصیب کا جائزہ لیا اورمتعلقہ عملے کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ اندرونی گلیوں میں کھدائی کے دوران مناسب اقدامات کئے جائیں پانی اور سیوریج کے کنکشن کو نقصان پہنچائے بغیر گیس کی لائنوں کو ڈالا جائے،اگر مجبوری میں پانی یا سیوریج کی لائن متاثر ہوتی ہے تو فوری مرمت و تبدیل کیا جائے تاکہ عوام کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نا کرنا پڑے۔
انہوں نے کہا کہ پچھلے دنو ں نیو کراچی ٹاؤن میں گیس لائنوں کی تبدیلی کی وجہ سے کئی علاقوں سے شکایات موصول ہوئی تھیں جس میں کھدائی پر مامور عملہ اہل محلہ سے تعاون نہیں کررہا جس کی وجہ سے واٹر اینڈ سیوریج کی بہت ساری لائیں متاثر ہوئی ہیں اور عوام کی پریشانیوں میں اضافہ ہوا ہے جبکہ SSGC سے محاہدے میں یہ بات پہلے طے ہوچکی تھی کہ اندرونی گلیوں میں کھدائی کا کام مینیول کیا جائے گا اگر کھدائی کے دوران واٹر اینڈ سیوریج کی لائن متاثر ہوگی اُسے فوری مرمت یا تبدیل کیا جائے گا مگر ادارے اور کنٹریکٹر عوام کی پریشانیوں کو نظر انداز کررہے ہیں لہذا اب جماعت اسلامی کے نمائندے روزانہ کی بنیاد پر نیو کراچی ٹاؤن میں جاری کھدائی کے عمل کو مانیٹر کررہے ہیں جہاں ضرورت پڑھ رہی ہے وہاں فوری مرمت کے کام کئے جا رہے ہیں۔
محمد یوسف نے کہا کہ ہم خدمت کے جذبے کے ساتھ نیو کراچی ٹاؤن کے مسائل حل کررہے ہیں۔اس موقع پر ٹاؤن وائس چیئرمین شعیب بن ظہیر نے سوئی سدرن گیس کی جانب سے کھدائی کا معائنہ کرتے ہوئے کہا کہ سوئی سدرن گیس کمپنی گیس لائنیں ڈالنے کا کام جلد مکمل کرے تاکہ نیو کراچی ٹاؤن کی سڑکوں کو تعمیر کرکے سفری سہولیات میں آسانی میئسر آسکے۔
