وفاق ہمارے کہنے پر عمل کرے خیبرپختونخوا میں امن قائم ہوجائے گا: وزیراعلیٰ

وفاق ہمارے کہنے پر عمل کرے خیبرپختونخوا میں امن قائم ہوجائے گا: وزیراعلیٰ

کوہاٹ: وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ مطالبات کا ڈرافٹ سوشل میڈیا پر جاری کر دیا ہے، اگر ایک بھی نکتہ غیر آئینی ہوا تو لانگ مارچ منسوخ کر دوں گا۔

کوہاٹ سے روانگی پر یونیورسٹی چوک میں لانگ مارچ کے شرکاء سے خطاب میں سہیل آفریدی نے کہا کہ کوہاٹ کے غیرت مند لوگوں کا مشکور ہوں اور جوش و جذبے کو سلام پیش کرتا ہوں، یہ وہ جذبہ اور حب الوطنی ہے جو ہمیشہ ٹارگٹ کی جاتی ہے، میرے جوانوں آپ کا وزیر اعلیٰ کسی سے نہیں ڈرتا اور میرے پختونخوا کے جوان بھی کسی سے نہیں ڈرتے۔

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا کہ میرے پاکستانیوں آپ سب کو معلوم ہے کہ ہم لانگ مارچ کرنے پر کیوں مجبور ہوئے؟ جب سے وزیر اعلیٰ بنا تب سے اب تک ہر دروازہ کھٹکھٹایا، جتنے جمہوری، آئینی و قانونی راستے تھے وہ سب اپنائے،  بار بار کہتا رہا کہ آپ مجھے بتائیں کہ میرے پاس کون سا راستہ بچتا ہے؟

سہیل آفریدی نے کہا کہ تمام آئینی و قانونی راستے اپنائے، جو جعلی وزیر اعظم ہے اسے فون پر کہا میری عمران خان سے ملاقات کرائیں اس نے کہا پوچھ کر بتاتا ہوں، پھر صوبائی اسمبلی سے قرارداد منظور ہوئی کہ میری ملاقات ہونی چاہیے، چیف جسٹس آف پاکستان کو کہا مگر ملاقات نہیں ہوئی، سپریم کورٹ کے تین ججز حکم کرتے ہیں کہ عمران خان کا شفا انٹرنیشنل اسپتال میں علاج کرایا جائے اس پر عمل نہیں ہوتا۔

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا کہ جہاں سے انصاف کی توقع ہو مگر انصاف نہ ملے تو یہ آئین ہمیں اجازت دیتا ہے کہ ہم پُرامن  احتجاج کریں، ہم نے پُرامن احتجاج کا آغاز جنوبی ریجن سے کر دیا ہے، ہم نہتے  اور پر امن طریقے سے اپنا احتجاج ریکارڈ کرائیں گے، عمران خان کا علاج، ملاقات غیر آئینی نہیں ہے، انصاف پر رہائی غیر آئینی نہیں ہے، ججز کیوں ڈرتے ہیں؟ ججز کیسز کیوں نہیں سن رہے؟ کیسز سنیں تو عمران خان ایک گھنٹے میں باہر ہوں گے۔

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں