ایس ایم آئی یو میں انسانی حقوق کے ادارہ جاتی و قانونی فریم ورک پر انٹرایکٹو سیشن
کراچی: سندھ مدرسۃ الاسلام یونیورسٹی (ایس ایم آئی یو) کراچی کے شعبہ سوشل اینڈ ڈیولپمنٹ اسٹڈیز میں اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام (UNDP) اور محکمہ انسانی حقوق، حکومتِ سندھ کے مشترکہ حُقوقِ پاکستان دوم (HeP II) پروگرام کے تحت ”ادارہ جاتی اور معیاری انسانی حقوق کے فریم ورک“ کے موضوع پر ایک انٹرایکٹو سیشن منعقد ہوا۔
سیشن میں شعبہ سوشل اینڈ ڈیولپمنٹ اسٹڈیز کے بی ایس سوشیالوجی، بی ایس ڈیولپمنٹ اسٹڈیز اور ایم ایس ڈیولپمنٹ اسٹڈیز کے طلبہ و طالبات سمیت فیکلٹی آف سوشل سائنسز کے اساتذہ نے شرکت کی۔
شعبہ سوشل اینڈ ڈیولپمنٹ اسٹڈیز کے چیئرپرسن ڈاکٹر سبھاش نے شرکاء اور معزز مقررین کا خیرمقدم کیا، جبکہ سیشن کی نظامت شعبے کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر محمد کامل لاکھو نے کی۔
محکمہ انسانی حقوق، حکومتِ سندھ کے ٹریٹی امپلیمنٹیشن سیل کے ایگزیکٹو کوآرڈینیٹر مسٹر جمیل حسین جونیجو نے ادارہ جاتی اور معیاری انسانی حقوق کے فریم ورک پر جامع پریزنٹیشن دی۔ انہوں نے انسانی حقوق کے اداروں، بین الاقوامی معاہدوں پر عملدرآمد کے طریقۂ کار اور معاشرے میں انسانی حقوق سے متعلق آگاہی اور عملی اقدامات کو مزید مؤثر بنانے کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔
اس موقع پر UNDP کی صوبائی انسانی حقوق افسر سندھ، ڈی سینٹرلائزیشن، ہیومن رائٹس اینڈ لوکل گورننس، ڈیموکریٹک گورننس یونٹ، محترمہ مریم محبوب نے بھی طلبہ سے گفتگو کی اور حُقوقِ پاکستان دوم (HeP II) پروگرام کے مقاصد اور سرگرمیوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے انسانی حقوق کے فروغ، جمہوری طرزِ حکمرانی اور مقامی سطح پر ادارہ جاتی استعداد کار کو مضبوط بنانے کے لیے پروگرام کی کاوشوں پر روشنی ڈالی۔
اختتامی کلمات میں ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز، ایس ایم آئی یو، پروفیسر ڈاکٹر جمشید عادل نے انسانی حقوق کی تعلیم کے فروغ کے لیے محکمہ انسانی حقوق، حکومتِ سندھ اور UNDP کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے شعبہ سوشل اینڈ ڈیولپمنٹ اسٹڈیز کی جانب سے معلوماتی اور بامقصد سیشن کے انعقاد کو بھی قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کی علمی اور تعاملی سرگرمیاں طلبہ میں انسانی حقوق کے قوانین، اداروں اور عملی تقاضوں کے بارے میں شعور اور فہم پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
سیشن کے اختتام پر مسٹر جمیل حسین جونیجو اور محترمہ مریم محبوب کو ان کی گراں قدر خدمات اور شرکت کے اعتراف میں یادگاری شیلڈز پیش کی گئیں۔
