چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن کا میمونہ گریٹ این جی اوز کے تعاون سے بحال کیے جانے والے بلدیاتی اسکولوں کا دورہ

چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن کا میمونہ گریٹ این جی اوز کے تعاون سے بحال کیے جانے والے بلدیاتی اسکولوں کا دورہ

کراچی: چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے سیکٹر 5-E   میں میمونہ گریٹ این جی اوز کے تعاون سے بحال کیے جانے والے بلدیاتی اسکولوں، عبدالستار ایدھی اسکول اور مولوی تمیز الدین اسکول، کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر وائس چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن شعیب بن ظہیر بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔دورے کے دوران چیئرمین نے جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔

منصوبے کے تحت اسکولوں کی خستہ حال عمارتوں کی مرمت و تزئین و آرائش، کھیل کے میدان کی بحالی، نیا فرنیچر، کلاس رومز کی بہتری، طلبہ کے لیے یونیفارم اور دیگر تعلیمی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ متعلقہ حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ دونوں اسکولوں کی بحالی کا کام تکمیل کے آخری مرحلے میں داخل ہو چکا ہے۔

اس موقع پر چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے کہا کہ جب انہوں نے ان اسکولوں کا جائزہ لیا تو ان کی عمارتیں انتہائی خستہ حال تھیں، فرنیچر ناکافی تھا اور تعلیمی ماحول بھی متاثر ہو رہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ میمونہ گریٹ این جی اوز کے تعاون سے دونوں بلدیاتی اسکولوں کو جدید تقاضوں کے مطابق بحال کیا جا رہا ہے، جس سے علاقے کے بچوں کو بہتر تعلیمی ماحول میسر آئے گا۔

انہوں نے کہا کہ ”ہماری اولین ترجیح یہ ہے کہ بلدیاتی اسکولوں کو اس معیار تک لے جائیں جہاں والدین بلا جھجک اپنے بچوں کوگورنمنٹ بلدیاتی اسکولوں میں داخل کرائیں۔ معیاری تعلیم کسی ایک طبقے کا نہیں بلکہ ہر بچے کا بنیادی حق ہے، اور نیو کراچی ٹاؤن اس حق کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کر رہا ہے۔

محمد یوسف نے مزید کہا کہ ”ہم صرف عمارتیں تعمیر نہیں کر رہے بلکہ ایک بہتر تعلیمی نظام کی بنیاد رکھ رہے ہیں۔ جدید فرنیچر، بہتر سہولیات، تربیت یافتہ اساتذہ اور خوشگوار تعلیمی ماحول کے ذریعے بلدیاتی اسکولوں کا معیار بلند کیا جائے گا تاکہ والدین کو نجی اسکولوں کا متبادل اپنے ہی علاقے میں میسر آئے۔

انہوں نے کہا کہ دونوں اسکولوں کی بحالی کا کام آئندہ  15   سے  20  روز میں مکمل ہو جائے گا، جس کے بعد نئے داخلوں کا باقاعدہ اعلان کیا جائے گا۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ نیو کراچی ٹاؤن میں تعلیم کے فروغ اوربچوں کے روشن مستقبل اور سرکاری تعلیمی اداروں پر عوام کے اعتماد کی بحالی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔

چیئرمین نے میمونہ گریٹ این جی اوز کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ سرکاری اداروں اور سماجی تنظیموں کے اشتراک سے عوامی خدمت کے منصوبوں میں نمایاں بہتری لائی جا سکتی ہے، اور یہی اشتراک نیو کراچی ٹاؤن میں تعلیمی شعبے کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں