کراچی میں تعلیمی گراوٹ

کراچی میں تعلیمی گراوٹ

تحریر: عقیل اختر

کبھی کبھی سچ لکھنا بہت تکلیف دیتا ہے، خاص طور پر جب وہ سچ اپنے ہی شہر کے بارے میں ہو۔ میں کراچی کا رہنے والا ہوں، اسی شہر میں آنکھ کھولی، اسی کی گلیوں میں بچپن گزارا، اسی کے سرکاری تعلیمی اداروں کو عروج سے زوال تک جاتے دیکھا۔ شاید اسی لیے جب کوئی بڑے اعتماد سے کہتا ہے کہ ”کراچی پاکستان کا سب سے زیادہ تعلیم یافتہ شہر ہے” تو میرے چہرے پر مسکراہٹ نہیں آتی بلکہ دل میں ایک سوال جنم لیتا ہے کہ اگر واقعی ایسا ہے تو پھر آج ہمارا تعلیمی معیار کہاں کھڑا ہے میں اس شہر کی توہین نہیں کر رہا، بلکہ اس سے اپنی محبت کا قرض ادا کر رہا ہوں۔ محبت کا تقاضا صرف تعریف کرنا نہیں، بلکہ خامیوں کی نشاندہی بھی کرنا ہوتا ہے۔ایک وقت تھا جب کراچی کے سرکاری اسکول عام آدمی کی امید تھے۔ مزدور، کلرک، رکشہ ڈرائیور اور دکاندار کا بچہ انہی اسکولوں سے پڑھ کر ڈاکٹر، انجینئر، پروفیسر، سائنس دان اور اعلیٰ سرکاری افسر بنتا تھا۔ استاد کو عزت حاصل تھی، کتاب کو دولت سمجھا جاتا تھا اور تعلیم کو زندگی بدلنے کا ذریعہ مانا جاتا تھا۔پھر آہستہ آہستہ منظر بدلتا گیا۔ سیاست بدلتی رہی، حکومتیں بدلتی رہیں، نعرے بدلتے رہے، مگر خاموشی سے کراچی کا تعلیمی نظام کمزور ہوتا گیا۔ کسی نے اس زوال کو سنجیدگی سے نہیں لیا، کیونکہ ہمیں مسلسل یہ احساس دلایا جاتا رہا کہ ہم تو پہلے ہی سب سے زیادہ تعلیم یافتہ شہر کے باسی ہیں۔میرے نزدیک کراچی کے ساتھ سب سے بڑا ظلم صرف وسائل کی کمی نہیں بلکہ خوش فہمی ہے۔

ایک ایسی خوش فہمی جس نے ہمیں اپنے زخم دیکھنے ہی نہیں دیے۔آج ایک عام آدمی کے ذہن میں یہ تصور راسخ ہو چکا ہے کہ اگر اس کا بچہ سرکاری اسکول میں پڑھے گا تو شاید اس کا مستقبل محفوظ نہیں ہوگا۔ یہ سوچ کسی ایک استاد یا ایک اسکول کی ناکامی نہیں بلکہ پورے نظام پر عوام کے اعتماد میں کمی کی علامت ہے۔حقیقت یہ ہے کہ سندھ میں تعلیمی بحران صرف احساس نہیں بلکہ اعداد و شمار سے بھی ثابت ہوتا ہے۔ تازہ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق سندھ میں 5 سے 16 سال کے تقریباً 39 فیصد بچے اسکول سے باہر ہیں، جبکہ ملک بھر میں یہ شرح تقریباً 28 فیصد ہے۔کراچی کے سرکاری اسکولوں میں آج بھی چار لاکھ چالیس ہزار سے زائد طلبہ زیر تعلیم ہیں۔ یہ تعداد اس بات کا ثبوت ہے کہ سرکاری اسکول آج بھی لاکھوں خاندانوں کی امید ہیں، لیکن سوال یہ ہے کہ کیا ہم نے ان امیدوں کی حفاظت کی سرکاری اسکولوں کی عمارتیں، اساتذہ کی تربیت، جدید نصاب، تعلیمی نگرانی اور احتساب جیسے بنیادی معاملات پر وہ توجہ نہیں دی گئی جس کے وہ مستحق تھے۔ کئی اساتذہ پوری دیانت داری سے خدمات انجام دیتے ہیں، مگر مجموعی نظام انہیں بھی اپنی پوری صلاحیت کے ساتھ کام کرنے کا موقع نہیں دیتا۔لیکن اگر کوئی یہ سمجھتا ہے کہ صرف سرکاری اسکول ہی اس بحران کے ذمہ دار ہیں تو یہ بھی پوری حقیقت نہیں۔

نجی تعلیمی اداروں کی ایک بڑی تعداد نے سرکاری نظام کی کمزوری کو کاروباری موقع بنا لیا۔ لاکھوں روپے فیس، الگ سے داخلہ فیس، سالانہ چارجز، کتابیں، یونیفارم اور پھر بھی ٹیوشن لازمی۔ اگر ایک طالب علم روزانہ اسکول بھی جائے اور پھر بھی اس کے والدین کو شام میں الگ استاد رکھنا پڑے تو سوال پیدا ہوتا ہے کہ اصل تعلیم کہاں دی جا رہی ہے تعلیم اب خدمت کم اور صنعت زیادہ محسوس ہونے لگی ہے۔مجھے سب سے زیادہ فکر کراچی کے نوجوانوں کی ہے۔میں ان سے ایک بھائی کی حیثیت سے بات کرنا چاہتا ہوں۔میرے نوجوان دوستو! صرف اس بات پر خوش نہ ہوں کہ آپ ایسے شہر میں رہتے ہیں جسے کبھی پاکستان کا سب سے زیادہ تعلیم یافتہ شہر کہا جاتا تھا۔ ماضی کا اعزاز، حال کی کامیابی کی ضمانت نہیں ہوتا۔اگر واقعی ہم تعلیمی میدان میں سب سے آگے ہیں تو پھر ہمیں اپنے آپ سے یہ سوال بھی کرنا چاہیے کہ ہم تحقیق، اختراع، اعلیٰ تعلیم، سول سروس، سائنس، ٹیکنالوجی اور قومی سطح کے مسابقتی امتحانات میں اپنی موجودگی کو پہلے سے زیادہ مضبوط کیوں نہیں بنا پا رہے؟ یہ سوال کسی کی تضحیک کے لیے نہیں بلکہ خود احتسابی کے لیے ہے۔ہمیں برسوں سے بتایا جاتا رہا کہ کراچی سب سے آگے ہے، مگر شاید کسی نے یہ نہیں بتایا کہ سب سے آگے رہنے کے لیے مسلسل محنت بھی کرنی پڑتی ہے۔یہ کالم کسی سیاسی جماعت کے خلاف فردِ جرم نہیں، لیکن یہ سوال ضرور ہے کہ جن قوتوں نے دہائیوں تک کراچی کی سیاست کی، انہوں نے تعلیم کو اپنی اولین ترجیح کیوں نہ بنایا؟ عوام کو حق حاصل ہے کہ وہ پوچھیں۔

ہمارے سرکاری اسکول کیوں کمزور ہوئے؟ اساتذہ کی پیشہ ورانہ تربیت کیوں نظر انداز ہوئی؟ تعلیم کو ہر انتخاب میں نعرہ تو بنایا گیا، مگر مستقل پالیسی کیوں نہ بن سکی اب وقت صرف شکایت کا نہیں بلکہ اصلاح کا ہے۔اگر کراچی کو دوبارہ علم کا شہر بنانا ہے تو سرکاری اسکولوں کی بحالی کو ہنگامی بنیادوں پر ترجیح دینا ہوگی۔ اساتذہ کی بھرتی صرف میرٹ پر ہو، انہیں جدید تربیت دی جائے، اسکولوں میں سیاسی مداخلت ختم کی جائے، ہر اسکول کی کارکردگی کا سالانہ جائزہ عوام کے سامنے رکھا جائے، نجی تعلیمی اداروں کے معیار اور فیسوں کے نظام کو شفاف بنایا جائے، اور ایسا تعلیمی ماحول پیدا کیا جائے جہاں والدین کو اسکول کے بعد ٹیوشن پر انحصار نہ کرنا پڑے۔

میں اپنے شہر کے نوجوانوں سے صرف ایک درخواست کرنا چاہتا ہوں۔سیاسی نعروں سے زیادہ کتابوں پر یقین کریں۔ تقریروں سے زیادہ اپنی تیاری پر توجہ دیں۔ کسی رہنما کی تعریف آپ کو کامیاب نہیں بنائے گی، لیکن آپ کی محنت ضرور بنائے گی۔کراچی کا مستقبل کسی اسمبلی، کسی جلسے یا کسی نعرے میں نہیں لکھا جائے گا۔ وہ ہمارے اسکولوں، ہماری لائبریریوں، ہمارے اساتذہ اور ہمارے نوجوانوں کے ہاتھوں لکھا جائے گا۔آج اگر ہم نے سچ تسلیم کر لیا تو کل ہم دوبارہ علم کا شہر بن سکتے ہیں۔لیکن اگر ہم صرف تعریفیں سنتے رہے اور حقیقت سے نظریں چراتے رہے تو آنے والی نسلیں شاید ہمیں اس شہر کے وارث نہیں بلکہ اس کے مستقبل کے مجرم کے طور پر یاد رکھیں گی۔

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں