سید فاؤنڈیشن اور مشعل فاؤنڈیشن کا پاکستان بیت المال کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط
سید فاؤنڈیشن اور مشعل فاؤنڈیشن کا پاکستان بیت المال کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط، یتیم اور مستحق بچوں کی فلاح و بہبود کے لیے مشترکہ اقدامات کا عزم
کراچی: سندھ میں یتیم، بے سہارا اور پسماندہ بچوں کی فلاح و بہبود، تعلیم، صحت اور ہمہ جہت ترقی کے فروغ کے لیے سید فاؤنڈیشن اور مشعل فاؤنڈیشن نے پاکستان بیت المال کے ساتھ مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کردیے۔ اس معاہدے کا بنیادی مقصد حیدرآباد اور ٹنڈو محمد خان کے اضلاع میں پاکستان بیت المال کے زیر انتظام سویٹ ہومز میں مقیم بچوں کی معاونت اور ان کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لانے کے لیے مشترکہ کوششوں کو فروغ دینا ہے۔
مفاہمتی یادداشت کے تحت تینوں ادارے باہمی اشتراک سے یتیم اور دیگر مستحق بچوں کے لیے کھیلوں، تفریحی اور مثبت سماجی سرگرمیوں کے مواقع پیدا کرنے کے لیے اقدامات کریں گے، تاکہ ان بچوں کو تعلیم و تربیت کے ساتھ ساتھ صحت مند سرگرمیوں میں حصہ لینے، اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے اور معاشرے کا ایک فعال اور مثبت شہری بننے کے مواقع میسر آسکیں۔
اس موقع پر ڈائریکٹر پاکستان بیت المال سندھ عبدالحفیظ مہیسر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معاشرے کے محروم اور مستحق طبقات کی فلاح و بہبود کے لیے اجتماعی کوششیں اور ادارہ جاتی شراکت داریاں انتہائی اہمیت کی حامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فلاحی اداروں کے باہمی تعاون سے بچوں کی بہتر نگہداشت، تربیت اور ترقی کے لیے مؤثر اقدامات کیے جاسکتے ہیں۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ اشتراک بچوں کی زندگیوں میں بہتری لانے اور انہیں بہتر مواقع فراہم کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔
سید فاؤنڈیشن کے صدر سید وسیم الدین ہاشمی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یتیم اور مستحق بچوں کی تعلیم، تربیت، شخصیت سازی اور ہمہ جہت ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہماری اجتماعی اور سماجی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ سید فاؤنڈیشن ایسے بچوں کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنے اور ان کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان بیت المال اور مشعل فاؤنڈیشن کے ساتھ مل کر بچوں کی فلاح و بہبود کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے۔
چیئرمین مشعل فاؤنڈیشن محمد اشفاق سومرو نے بھی اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے معاہدے کو خوش آئند قرار دیا اور بچوں کی بہتری کے لیے تینوں اداروں کے درمیان بھرپور تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے کے محروم بچوں کو کھیلوں، تفریح اور دیگر مثبت سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرنا ان کی ذہنی و جسمانی نشوونما کے لیے نہایت ضروری ہے۔
مفاہمتی یادداشت پر دستخط کو سندھ میں یتیم اور مستحق بچوں کی فلاح و بہبود کے حوالے سے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ اس شراکت داری کے ذریعے نہ صرف سویٹ ہومز میں مقیم بچوں کو کھیلوں اور تفریحی سرگرمیوں کے بہتر مواقع فراہم کرنے میں مدد ملے گی بلکہ ان کی خود اعتمادی، صلاحیتوں اور مثبت سماجی رویوں کے فروغ کی راہیں بھی ہموار ہوں گی۔
تینوں اداروں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ باہمی تعاون اور مشترکہ کاوشوں کے ذریعے مستحق بچوں کے بہتر مستقبل اور معاشرے میں ان کے مؤثر کردار کو یقینی بنانے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔
