پاکستان کے پہلےخلا باز کی چینی مشن کے ساتھ تاریخی روانگی
پاکستان کی خلائی تاریخ میں نیا باب رقم ہو گیا، پہلے پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی خلائی سفر کے لیے شینزو 24 مشن پر روانہ ہو گئے، ان کے ہمراہ دو چینی خلا باز بھی موجود ہیں۔
تاریخی مشن میں تینوں خلا باز تقریباً پانچ گھنٹے کے سفر کے بعد چین کے تیان گونگ خلائی اسٹیشن پہنچیں گے، جہاں وہ ایک ہفتے تک قیام کرکے مختلف سائنسی تجربات انجام دیں گے۔
شینزو 24 خلائی مشن کامیابی سے اپنے ابتدائی مراحل مکمل کرتے ہوئے خلا کی وسعتوں میں داخل ہوگیا ہے
لانگ مارچ 2 ایف راکٹ اپنے طے شدہ راستے اور مراحل کے مطابق آگے بڑھ رہا ہے۔
خلائی جہاز میں سوار تینوں خلا باز اپنی نشستوں پر محفوظ ہیں اور مشن مینوئل کا مطالعہ کر رہے ہیں، جبکہ تیان گونگ اسپیس اسٹیشن پر موجود خلا باز بھی شینزو 24 کی روانگی کا مشاہدہ کر رہے ہیں۔
شینزو 24 مشن تقریباً 4 سے 5 گھنٹے میں اپنا سفر مکمل کرکے تیان گونگ اسپیس اسٹیشن سے منسلک ہوگا۔
خلائی جہاز کامیابی سے اپنی منزل کی جانب بڑھ رہا ہے اور مشن کے اگلے مراحل پر پیش رفت جاری ہے۔
چین کے خلائی مرکز جیوچوان میں مشن کی روانگی کے سلسلے میں خصوصی تیاریاں مکمل کی گئی تھیں، جبکہ پاکستانی وقت کے مطابق صبح 5 بجے خلائی جہاز کی پرواز کا مرحلہ شروع ہوا۔
مشن پر روانگی سے قبل پاکستانی اور چینی خلا بازوں کی الوداعی تقریب بھی منعقد کی جائے گی، جس میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال شریک ہوئے۔
تاریخی لمحے کا مشاہدہ کرنے کے لیے ہزاروں چینی شہری بھی خلائی مرکز کے اطراف جمع ہوئے۔
محمد ذیشان علی اس مشن کے ذریعے خلا میں جانے والے پہلے پاکستانی بننے کا اعزاز حاصل کیا ہے، جبکہ وہ تیان گونگ خلائی اسٹیشن پہنچنے والے پہلے غیر ملکی خلا باز بھی ہوں گے۔
ان کی یہ کامیابی پاکستان کے خلائی پروگرام اور سائنسی ترقی کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دی جا رہی ہے۔
خلائی سفر پر روانگی سے قبل محمد ذیشان علی نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاک چین دوستی اب کہکشاؤں تک پہنچ چکی ہے، یہ مشن پاکستان کے لیے ایک بڑا اعزاز ہے اور انہیں امید ہے کہ مستقبل میں دونوں ممالک کے درمیان مزید مشترکہ خلائی مشن بھی شروع ہوں گے۔
انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ وزیراعظم نے انہیں کہا تھا کہ اس مشن میں صرف ذیشان علی نہیں بلکہ پاکستان جا رہا ہے۔ یہ الفاظ ان کے لیے حوصلے اور قومی ذمہ داری کا احساس بڑھانے کا باعث بنے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے پاکستان کے پہلے خلا باز مشن پر پوری قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ انسانی خلائی پرواز میں پاکستان کی شرکت قومی فخر کا عظیم لمحہ ہے، یہ تاریخی پیش رفت سائنس، تحقیق اور ٹیکنالوجی کے فروغ کے قومی عزم کی عکاسی کرتی ہے۔
صدر مملکت نے خلائی مشن کی تیاری اور کامیابی کے لیے سپارکو، سائنسدانوں اور انجینئرز کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور مشن پر روانہ ہونے والے خلا بازوں کے لیے کامیاب سفر اور بحفاظت واپسی کی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
