میئر کراچی نے چنیسر ٹاؤن میں ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھ دیا

میئر کراچی نے چنیسر ٹاؤن میں ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھ دیا

کراچی: میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ کراچی کے مختلف ٹاؤنز میں سڑکوں، نکاسی آب کے نظام اور بنیادی شہری انفرااسٹرکچر کی بہتری کے لیے ترقیاتی منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہے، چنیسر ٹاؤن میں 301.433 ملین روپے کی لاگت سے مختلف ترقیاتی منصوبے شروع کیے جارہے ہیں جن کی تکمیل سے علاقے کے شہریوں کو آمدورفت کی بہتر سہولیات میسر آئیں گی اور نکاسی آب کے مسائل حل کرنے میں مدد ملے گی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز ضلع شرقی کے چنیسر ٹاؤن میں محمودآباد پولیس اسٹیشن سے چاندنی چوک تک 100 فٹ چوڑی سڑک کی بہتری اور بحالی کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پرکے ایم سی سٹی کونسل میں پارلیمانی لیڈر کرم اللہ وقاصی، سٹی کونسل کے اراکین، چیئرمین چنیسر ٹاؤن فرحان غنی، ضلعی صدر اقبال شاہ، سٹی کونسل میں اقلیتی رکن ویوک شرما، منتخب نمائندے اور دیگر متعلقہ شخصیات بھی موجود تھیں۔میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ چنیسر ٹاؤن میں شروع کیے جانے والے ترقیاتی منصوبوں میں مختلف اہم شاہراہوں کی بہتری اور بحالی کے ساتھ سڑکوں اور نالوں کی تعمیر و مرمت بھی شامل ہے۔ ان منصوبوں کے تحت مریم مسجد جناح روڈ پر سڑک اور نالے کی بہتری و بحالی کا کام کیا جائے گا، جبکہ والڈروف روڈ کو بھی بہتر بنایا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ چنیسر روڈ پر شارع فیصل سے امبالہ بیکری (کے ایف سی سے پھاٹک چنیسر ہالٹ تک) سڑک اور نالے کی بحالی بھی ترقیاتی منصوبوں کا حصہ ہے۔ ان منصوبوں کے تحت مجموعی طور پر 426 ہزار مربع فٹ رقبے پر اسفالٹ کا کام کیا جائے گا جبکہ چنیسر ٹاؤن کی مختلف سڑکوں اور علاقوں میں 395 ہزار مربع فٹ رقبے پر پیور بلاکس لگائے جائیں گے۔ اس کے علاوہ مختلف سڑکوں پر 27 ہزار 200 رننگ فٹ کرب اسٹون ایج بلاکس نصب کیے جائیں گے تاکہ سڑکوں کے کناروں کو بہتر اور پائیدار بنایا جاسکے۔

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ علاقے میں نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے 1150 رننگ فٹ آر سی سی سیوریج پائپ بھی بچھائے جائیں گے، جس سے بارش اور گندے پانی کی نکاسی میں بہتری آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو بہتر سڑکوں، مؤثر نکاسی آب اور بنیادی شہری سہولیات کی فراہمی بلدیاتی اداروں کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ کراچی کی ترقی کے لیے تمام ٹاؤنز میں بلاامتیاز ترقیاتی کام جاری رکھے جائیں گے تاکہ شہریوں کو بہتر سفری سہولیات اور معیاری شہری انفرااسٹرکچر فراہم کیا جاسکے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کراچی کی ترقی اور شہریوں کے دیرینہ مسائل کے حل کے لیے دن رات محنت کر رہی ہے، کراچی کے سات اضلاع اور 25 ٹاؤنز میں تقریباً 13 ارب روپے کی لاگت سے 149 سڑکوں کی تعمیر و بحالی کے منصوبوں پر کام جاری ہے، جبکہ بلدیہ عظمیٰ کراچی رواں سال 68 ارب روپے ترقیاتی کاموں پر خرچ کرے گی۔ ہمارا مشن کراچی کو ترقی دینا اور شہریوں کو بنیادی سہولیات فراہم کرنا ہے۔

میئر کراچی نے کہا کہ یہاں آنے کا مقصد محمودآباد کے عوام کا دیرینہ مسئلہ حل کرنا ہے، سڑکوں کی تعمیر سے قبل علاقے میں سیوریج کے مسائل حل کیے گئے ہیں تاکہ ترقیاتی کام پائیدار بنیادوں پر مکمل ہوں،انہوں نے کہا کہ آج شہر میں ہر جگہ ترقیاتی کام ہوتے نظر آرہے ہیں، پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوامی خدمت کو ترجیح دی ہے اور جہاں عوام نے پیپلز پارٹی کے امیدواروں کو عزت دی، وہاں ان کے منتخب نمائندوں نے عملی طور پر کام کرکے دکھایا ہے، کونسلر سے لے کر وزیر تک تمام نمائندے کراچی کی ترقی کے لیے کام کر رہے ہیں، کراچی میں آج بلدیاتی نظام اور اختیارات وہی ہیں لیکن فرق صرف چہروں کا ہے۔ آج یہاں منافقین اور متعصب عناصر کے بجائے بلاول بھٹو زرداری کے کارکنان موجود ہیں، جو عوام کی خدمت کے جذبے کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔ شہر میں ترقیاتی کاموں کا آغاز اور ان کی تکمیل ہی ہماری کارکردگی کا اصل ثبوت ہے۔ لیاری میں پانی کی فراہمی کے لیے لائن پر کام کیا جائے گا جبکہ مچھر کالونی کے عوام سے آر او پلانٹ کے قیام کا جو وعدہ کیا تھا اس کے لیے ٹینڈرنگ کا عمل شروع ہونے جارہا ہے۔

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں