ورلڈ کلچر فیسٹیول کے چودہویں روز مقامی تھیٹر اور ’’مہران نائٹ‘‘ کے نام سے میوزیکل پروگرام پیش کیا گیا
کراچی: آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے زیرِ اہتمام 25 روزہ تیسرے ورلڈ کلچر فیسٹیول کراچی 2026ء کے چودہویں روز بچوں کے لیے تھیٹر پلے ’’معدوم‘‘، خصوصی فلم اسکریننگ، بین الاقوامی و مقامی تھیٹر پرفارمنسز اور ’’مہران نائٹ‘‘ کے نام سے شاندار میوزیکل پروگرام پیش کی گئی۔ فیسٹیول کے چودہویں روز کا آغاز آڈیٹوریم II میں ’’کیفیت کلیکٹو‘‘ کے تھیٹر پلے ’’معدوم‘‘ سے ہوا، جس میں ماحولیاتی تبدیلی، جنگلی حیات اور قدرتی ماحول کے تحفظ جیسے اہم موضوعات کو بچوں کے لیے منفرد اور مؤثر انداز میں پیش کیا گیا۔
آفرین سحر اور وجدان شاہ کی تحریر و ہدایت کاری میں پیش کیے گئے اس تھیٹر پلے نے بچوں کے ساتھ بڑوں کی بھی توجہ حاصل کی۔ فنکاروں کی جاندار پرفارمنس پر حاضرین نے تالیوں کی گونج میں داد دی۔ فیسٹیول میں فلم اسکریننگ ’’The Indus: Mehran Night‘‘ کا بھی انعقاد کیا گیا، جس میں سندھ کے ثقافتی، سماجی اور ماحولیاتی رنگوں کو اجاگر کرتی چار منتخب پاکستانی فلمیں ’’کرمش‘‘، ’’انڈس ایکوز‘‘، ’’تلاش‘‘ اور ’’دریا کے اس پار‘‘ نمائش کے لیے پیش کی گئیں۔ فلم اسکریننگ میں شہریوں، شائقینِ سینما اور ثقافتی حلقوں نے شرکت کی فیسٹیول میں بین الاقوامی تھیٹر گروپ ’’Balkan Theatre‘‘ کی جانب سے اطالوی زبان میں تھیٹر پلے ’’Burrnesha‘‘ پیش کیا گیا۔
55منٹ دورانیے پر مشتمل عصری ڈراما البانیہ کی منفرد سماجی و ثقافتی روایت پر مبنی تھا، جس میں بعض خواتین کی جانب سے زندگی بھر شادی نہ کرنے کا عہد اور اپنی برادریوں میں مردوں کے سماجی کردار اختیار کرنے کی روایت کو موضوع بنایا گیا۔ ڈرامے میں انسانی شناخت، سماجی کردار اور ثقافتی ورثے کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کیا گیا۔
فیسٹیول میں فرحان رحیم کا مزاحیہ تھیٹر ’’گھن چکر‘‘ بھی پیش کیا گیا، جسے دیکھنے کے لیے شہریوں کی بڑی تعداد امڈ آئی۔ شائقین کی غیر معمولی تعداد کے باعث اسٹوڈیو کے گیٹ بند کرنا پڑے، جبکہ حاضرین نے تھیٹر پرفارمنس کو بھرپور سراہا۔
فیسٹیول کے 14ویں روز کا اختتام سندھ کی روایتی موسیقی پرمبنی میوزیکل پروگرام ’’مہران نائٹ‘‘ پر کیا گیا جس میں صحرائے تھر کی سریلی آواز مائی ڈھائی، وہاب بگٹی، مظہر حسین اور رجب فقیر نے شاندار پرفارمنس پیش کی۔ سندھ کے روایتی سازوں کی دھنوں پر لوک گیتوں نے سماں باندھ دیا۔ صحرائے تھر کی کوئل کا لقب پانے والی مائی ڈھائی کی منفرد آواز نے شرکاء کو جھومنے پر مجبور کر دیا، جبکہ وہاب بگٹی کے مشہور گانے ’’کنا یاری‘‘ پر نوجوان رقص کرتے رہے۔ مظہر حسین کے لوک گیتوں نے بھی سامعین کو مسحور کیا، جبکہ رجب فقیر کے سندھ دھرتی کی محبت سے لبریز گیتوں کو حاضرین نے بے حد پسند کیا۔
