دہشتگردوں کو ان کے ناپاک عزائم میں کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے: وزیراعظم
دہشتگردوں کو ان کے ناپاک عزائم میں کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے: وزیراعظم
وزیراعظم شہباز شریف نے کوہاٹ کے علاقے دارہ بکاخ میں دہشتگردوں کے حملے میں ڈی ایس پی حیدر زمان سمیت خیبر پختونخوا پولیس کے 10 اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے دہشتگرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس کے بہادر افسران اور جوانوں نے دہشتگردوں کے خلاف لڑتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے فرض شناسی، جرأت اور بہادری کی عظیم مثال قائم کی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وطن عزیز کے امن و سلامتی کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پولیس اہلکار قوم کے ہیرو ہیں، پوری قوم اپنے بہادر پولیس افسران اور جوانوں کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔
وزیراعظم نے شہداء کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کے درجات کی بلندی اور سوگوار خاندانوں کے لیے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔
وزیراعظم نے دہشتگردوں کے خلاف کارروائی میں 18 خوارج کی ہلاکت کو خیبر پختونخوا پولیس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، بہادری اور دہشتگردی کے خلاف غیر متزلزل عزم کا مظہر قرار دیا اور کہا کہ جرائم پیشہ عناصر اور فتنۃ الخوارج کا گٹھ جوڑ ملک میں بدامنی پھیلانے کی مذموم کوشش ہے، ایسے عناصر کو ان کے ناپاک عزائم میں کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
