چیئرمین کورنگی ٹاؤن کا اگلے چھ ہفتوں میں ’’آئی ایم کورنگی‘‘ کے عنوان سے خصوصی پروگرام منعقد کرنے کا فیصلہ
کراچی: کورنگی کی تاریخ، ثقافت، نمایاں شخصیات اور مختلف شعبہ ہائے زندگی میں خدمات انجام دینے والے افراد کو خراجِ تحسین پیش کیا جائے گا۔ کورنگی کی تاریخی، سماجی، ثقافتی اور ترقیاتی اہمیت کو اجاگر کرنے اور اس علاقے سے تعلق رکھنے والی نمایاں شخصیات کی خدمات کو عوام کے سامنے لانے کے لیے آئندہ چھ ہفتوں کے دوران ’’آئی ایم کورنگی (I AM KORANGI)‘‘ کے عنوان سے ایک خصوصی پروگرام منعقد کرنے کی تجویز زیرِ غور آئی ہے۔
اس حوالے سے منعقدہ اجلاس میں تفصیلی گفتگو کی گئی، جس میں فیصلہ کیا گیا کہ پروگرام کے تحت کورنگی سے تعلق رکھنے والی مختلف شعبہ ہائے زندگی کی ممتاز شخصیات کو شامل کیا جائے گا، جن میں معروف ڈاکٹرز، انجینئرز، اساتذہ، سماجی رہنما، کاروباری شخصیات، ادیب، فنکار، کھلاڑی اور دیگر نمایاں افراد شامل ہوں گے۔ پروگرام کا مقصد کورنگی کی تاریخ کو محفوظ کرنا، یہاں کی باصلاحیت شخصیات کا تعارف کرانا اور مختلف شعبوں میں ان کی نمایاں خدمات کو عوام کے سامنے اجاگر کرنا ہے۔ اس سلسلے میں کورنگی کی تاریخی معلومات، اہم شخصیات کے انٹرویوز، خصوصی ڈاکومنٹریز اور ویڈیو پیغامات بھی تیار کیے جائیں گے۔
اجلاس میں میراتھن واک، نجی اسکولوں کی شرکت، کیبل نیٹ ورکس کے ذریعے تشہیری مہم اور مختلف پروگراموں کی ویڈیو کوریج کے حوالے سے بھی تجاویز زیرِ بحث آئیں۔ پروگرام کے اختتامی مرحلے میں مختلف معروف گلوکار اور فنکار اپنے فن کا شاندار مظاہرہ کریں گے، جبکہ شرکاء اور حاضرین کے لیے قرعہ اندازی کے ذریعے قیمتی انعامات بھی تقسیم کیے جائیں گے، تاکہ اس تقریب کو مزید رنگا رنگ اور یادگار بنایا جا سکے۔ ’’آئی ایم کورنگی‘‘ کو ایک ایسا پلیٹ فارم بنانے کا عزم کیا گیا ہے جہاں کورنگی کی پہچان، صلاحیتوں، کامیابیوں اور مثبت تشخص کو نمایاں کیا جا سکے اور نئی نسل کو اپنے علاقے کی تاریخ اور قابلِ فخر شخصیات سے روشناس کرایا جا سکے۔
