کراچی: ورلڈ کلچر فیسٹیول 2026ء میں تیسری عالمی آرٹ نمائش کا افتتاح کردیا گیا
ثقافت کے ذریعے دنیا کو جوڑنا ہماری ٹیگ لائن ہے ۔ صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ
کراچی: آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں آب و تاب سے جاری تیسرے ورلڈ کلچر فیسٹیول 2026ء میں تیسری عالمی آرٹ نمائش ’’Shared Horizons‘‘ کا افتتاح کردیا گیا۔ مہمان خصوصی وزیرِ بلدیات، ہاؤسنگ و ٹاؤن پلاننگ سندھ سید ناصر حسین شاہ نے صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ کے ہمراہ احمد پرویز آرٹ گیلری میں نمائش کا افتتاح کیا۔ نمائش میں پاکستان سمیت مختلف ممالک کے 11 بین الاقوامی اور 19 پاکستانی فنکاروں کے فن پارے نمائش کے لیے پیش کیے گئے ہیں۔
اس موقع پروزیرِ بلدیات، ہاؤسنگ و ٹاؤن پلاننگ سندھ سید ناصر حسین شاہ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میرے لیے یہ بڑے اعزاز اور خوشی کی بات ہے کہ آج میں آپ سب کے درمیان موجود ہوں۔ میں مختلف ممالک سے تشریف لانے والے تمام بین الاقوامی فنکاروں کے ساتھ ساتھ پاکستانی فنکاروں کو بھی خوش آمدید اور مبارک باد پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ احمد شاہ میرے بڑے بھائی اور ایک شاندار شخصیت ہیں، انہوں نے پوری دنیا کو ایک جگہ اکٹھا کردیا ہے اور یہ کام صرف وہی کرسکتے ہیں۔ میں ان کی تمام کاوشوں کو سراہتا ہوں۔ سندھ حکومت اور اعلی قیادت کی جانب سے میں سب کو کراچی میں خوش آمدید کہتے ہیں۔
ناصر حسین شاہ نے کہا کہ احمد شاہ نے آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی، سندھ اور پاکستان کا نام پوری دنیا میں روشن کیا ہے۔ آج مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے فنکار یہاں موجود ہیں جو ہمارے لیے ایک قیمتی اثاثہ ہیں۔ یہ فنکار جس ملک اور شہر میں بھی جائیں گے، پاکستان، صوبہ سندھ اور شہر کراچی کا مثبت تشخص اور خوبصورت تاثر اپنے ساتھ لے کر جائیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کا نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا میں کوئی مقابلہ نہیں ہے۔ اس کا تمام تر کریڈٹ احمد شاہ اور ان کی پوری ٹیم کو جاتا ہے۔ایسے ثقافتی پروگرامز اور تقریبات کا انعقاد جاری رہنا چاہیے۔
صدر آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی محمد احمد شاہ نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ حکومتِ سندھ کے سینئر وزیر اور آرٹ کے عظیم قدردان ہیں۔ وہ آرٹ، کلچر اور امن کی قدر کرتے ہیں اور ہمیشہ جنگوں کے خلاف، ہر بچے کے لیے بہتر ماحول، ہر فرد کے لیے صاف پانی اور بہتر ماحول کے حامی رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ورلڈ کلچر فیسٹیول میں ہر پانچ دن بعد ایک نئی نمائش پیش کی جاتی ہے۔ ہمارے پاس تقریباً 16 میورل آرٹسٹس اور دنیا بھر سے 60 کے قریب فنکار موجود ہیں، جبکہ پاکستان کے دو سے تین سو بہترین نوجوان اور سینئر فنکاروں کا کام بھی یہاں پیش کیا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ فلم، موسیقی، تھیٹر، فائن آرٹس اور رقص سمیت تمام شعبوں کی نمائندگی موجود ہے۔محمد احمد شاہ نے کہا کہ دنیا کے 151 ممالک سے لوگ یہاں آئے ہوئے ہیں۔ ہمارے ایرانی دوستوں سمیت امریکہ، فلسطین، عراق اور ایران کے متعدد فنکار بھی اس فیسٹیول میں شریک ہیں۔ روسی فنکاروں کی بڑی تعداد کے ساتھ یوکرین کے فنکاروں کی شرکت بھی اس بات کا ثبوت ہے کہ ثقافت ایک مضبوط رشتہ ہے۔ دیگر چیزیں لوگوں میں تفریق اور تقسیم پیدا کرسکتی ہیں، لیکن ثقافت ہمیشہ لوگوں کو جوڑتی ہے۔ ہماری ٹیگ لائن بھی یہی ہے کہ ثقافت کے ذریعے دنیا کو جوڑنا، اور ہم یہ کام کر دکھایا ہے۔ یہ کرہ ارض کا سب سے بڑا فیسٹیول ہے۔
انہوں نے کہا کہ ابتدا میں میڈیا کے دوستوں کو بھی یہ خدشہ تھا کہ شاید فیسٹیول میں عوام کی شرکت کم ہو، لیکن اب صورتِ حال یہ ہے کہ اتوار کے مقابلے میں پیر کے روز زیادہ رش ہوتا ہے اور روزانہ چھ، چھ پروگرام منعقد کیے جا رہے ہیں۔ اس شہر نے اس فیسٹیول کو اپنا لیا ہے۔ گزشتہ روز مہران نائٹ میں سندھی، سرائیکی اور بلوچی فنکاروں سمیت 10 ہزار سے زائد افراد نے شرکت کی۔ ہال اندر سے کھچا کھچ بھرا ہوا تھا جبکہ باہر پریس کلب تک لوگوں کی قطار لگی ہوئی تھی۔ اسی طرح ہم نے پاکستان نائٹ کے ذریعے پنجاب، سرائیکی خطے اور بلوچستان کی ثقافت کو بھی اجاگر کیا۔
صدر آرٹس کونسل نے کہا کہ ہم اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ پہلے وفاق کو مضبوط کیا جائے اور پھر پوری دنیا میں پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کیا جائے۔
