چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے سیکٹر 11-A  یو سی  12  میں خواتین پارک کا افتتاح کر دیا

چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے سیکٹر 11-A  یو سی  12  میں خواتین پارک کا افتتاح کر دیا

کراچی: چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے سیکٹر 11-A  یو سی  12  میں اُمت الرقیب خواتین پارک کا افتتاح کر دیا۔ افتتاحی تقریب میں وائس چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن شعیب بن ظہیر، چیئرمین یو سی  12  عظیم انور، وائس چیئرمین یو سی 12 شہزاد صدیقی، کونسلرز، ٹاؤن افسران فیصل صغیر، آفتاب احمد اور اہل محلہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

اس موقع پر چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے کہا کہ عوام کو بہتر ماحول، صحت مند سرگرمیوں اور سستی تفریحی سہولیات ان کے گھر کے قریب فراہم کرنے کے لیے پارکوں کی تعمیر و بحالی کا سلسلہ جاری ہے۔ اسی سلسلے میں سیکٹر 11-A  یو سی  12  میں خواتین پارک قائم کیا گیا ہے، جہاں خواتین اور بچے پرسکون ماحول میں وقت گزار سکیں گے۔انہوں نے کہا کہ پارک میں بچوں کے لیے جھولوں اور تفریحی سہولیات کے ساتھ خواتین کے لیے بینچز، ہریالی اور دیگر ضروری انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ علاقے کے مکینوں کو ایک بہتر اور محفوظ تفریحی مقام میسر آ سکے۔

محمد یوسف نے کہا کہ نیو کراچی ٹاؤن کو محدود وسائل کے باوجود ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل شفافیت، ذمہ داری اور دیانت داری کے ساتھ استعمال کیے جا رہے ہیں۔ سندھ حکومت کی جانب سے ترقیاتی مد میں کوئی اضافی فنڈز موصول نہیں ہوئے، جبکہ OZT   شیئر سے حاصل ہونے والی رقم زیادہ تر تنخواہوں اور روزمرہ امور پر خرچ ہو جاتی ہے،سندھ حکومت  10   ارب روپے کا خصوصی فنڈ فراہم کرے تاکہ عوام کو مزید بہتر سہولیات فراہم کی جاسکیں۔ اس کے باوجود ٹاؤن انتظامیہ اپنی کوششوں سے عوامی سہولیات کے منصوبے مکمل کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اب تک نیو کراچی ٹاؤن میں  40  سے زائد پارکس تزین و آرائش کرکے عوام کو خوبصورت تحائف دے رہے ہیں، جبکہ مختلف ترقیاتی منصوبوں پر بھی کام جاری ہے۔ ڈسکو موڑ سے یو پی موڑ تک سیوریج لائن بچھانے کا کام جلد شروع کیا جا رہا ہے، جس کے بعد اس طویل سڑک کی کارپیٹنگ کی جائے گی۔

چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن نے کہا کہ پانی اور سیوریج کے مسائل اگرچہ ٹاؤن کے دائرہ اختیار میں نہیں، لیکن عوامی مشکلات کو دیکھتے ہوئے اپنی مدد آپ کے تحت نئی پانی اور سیوریج لائنوں کی تنصیب کی جا رہی ہے تاکہ ترقیاتی منصوبے زیادہ پائیدار ثابت ہوں اور شہریوں کو طویل عرصے تک سہولت حاصل رہے۔

انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ پارکس اور دیگرعوامی سہولیات کے منصوبوں کی حفاظت میں اپنا کردار ادا کریں، کیونکہ تعمیر و ترقی کے بعد ان کی دیکھ بھال اور حفاظت علاقے کے لوگوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام پارک کو بہترحالت میں رکھنے کے لئے ٹاؤن انتظامیہ سے تعاون کریں۔

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں