چیئرمین گلبرگ ٹاؤن نے سیوریج لائنوں کی تبدیلی اور گلیوں میں سی سی فلورنگ کے جاری کام کا جائزہ لیا
کراچی: چیئرمین گلبرگ ٹاؤن نصرت اللہ نے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور جاری ترقیاتی و تعمیراتی کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے سیوریج لائنوں کی تبدیلی، نکاسی آب کی بہتری اور پچھلی گلیوں میں سی سی فلورنگ کے جاری کاموں کا معائنہ کیا اور متعلقہ ذمہ داران کو کام کے معیار اور رفتار کو یقینی بنانے کی ہدایات دیں۔
اس موقع پر چیئرمین گلبرگ ٹاؤن نصرت اللہ نے کہا کہ گلبرگ ٹاؤن کے مختلف علاقوں میں بنیادی بلدیاتی سہولیات کی فراہمی اور انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے ترقیاتی کام تسلسل کے ساتھ جاری ہیں۔ سیوریج کے نظام کی بہتری ہماری ترجیحات میں شامل ہے، تاکہ شہریوں کو نکاسی آب کے مسائل سے نجات دلائی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ واٹر اور سیوریج کا کام ہماری ذمہ داری نہیں یہ واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کی ذمہ داری ہے جو کہ کہیں کام کرتا نظر نہیں آتا ہم عوامی نمائندے ہیں اور عوام کی تکالیف کو دور کرنے کے لیے آئے ہیں جن علاقوں میں سیوریج لائنیں پرانی اور بوسیدہ ہوچکی ہیں، وہاں مرحلہ وار ان کی تبدیلی کا عمل جاری رکھا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پچھلی گلیوں میں سی سی فلورنگ کے ذریعے گلیوں کی حالت بہتر بنائی جا رہی ہے، جس سے نہ صرف آمدورفت میں آسانی ہوگی بلکہ علاقے کا مجموعی انفراسٹرکچر بھی بہتر ہوگا۔ ترقیاتی کاموں میں معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور عوام کو بہتر بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے لیے دستیاب وسائل کو مؤثر انداز میں استعمال کیا جا رہا ہے۔
دورے کے موقع پر یو سی 1 کے چیئرمین عاصم مخدومی اور وارڈ کونسلر کاشف فاروقی بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ انہوں نے مختلف مقامات پر جاری کاموں کے حوالے سے چیئرمین گلبرگ ٹاؤن کو بریفنگ دی۔
