چیئرمین جناح ٹاؤن اور اسسٹنٹ کمشنر نے گرین بیلٹ پر پودے لگاکر شجرکاری مہم کا آغاز کردیا
کراچی: جناح ٹاؤن انتظامیہ کی جانب سے شہر قائد میں ماحولیاتی بہتری اور شہر کے گرین بیلٹس کو سرسبز و شاداب بنانے کے لیے شجرکاری مہم کا آغاز کردیا گیا۔ اس سلسلے میں چیئرمین جناح ٹاؤن رضوان عبد السمیع نے اسسٹنٹ کمشنر فیروزآباد جویریہ اشرف و دیگر کے ہمراہ عمر شریف انڈر بائی پاس کے گرین بیلٹ پر پودے لگاکر شجرکاری مہم کا باقاعدہ آغاز کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین جناح ٹاؤن رضوان عبد السمیع نے کہا کہ شجرکاری نہ صرف شہر کی خوبصورتی میں اضافے کا ذریعہ ہے بلکہ ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے اور صاف و صحت مند ماحول کے قیام کے لیے بھی انتہائی اہم ہے۔
انہوں نے کہا کہ گرین بیلٹس کو سرسبز و شاداب بنانے کے لیے شجرکاری کا سلسلہ مزید وسعت دیا جائے گا اور لگائے گئے پودوں کی نگہداشت و حفاظت پر بھی خصوصی توجہ دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں بڑھتی ہوئی ماحولیاتی آلودگی کے پیش نظر زیادہ سے زیادہ درخت لگانا وقت کی اہم ضرورت ہے، جبکہ سرسبز مقامات میں اضافے سے شہریوں کو بہتر اور خوشگوار ماحول فراہم کیا جاسکتا ہے۔ شجرکاری مہم کے دوران عمر شریف انڈر بائی پاس کے گرین بیلٹ پر مختلف اقسام کے پودے لگائے گئے۔
اس موقع پر چیئرمین یوسی 8 جنید مکاتی، کونسلر طاہرہ ہزاری اور سی پی کے کے رکن مراد علی سونی سمیت دیگر بھی موجود تھے۔
