میئر کراچی نے نارتھ کراچی صنعتی علاقے میں 731 ملین روپے کے ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھ دیا
کراچی: میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے نارتھ کراچی میں 731 ملین روپے کی لاگت سے نارتھ کراچی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے تحت شروع کیے جانے والے ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔
اس موقع پر سٹی کونسل کے اراکین، نارتھ کراچی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے صدر فیصل معیز خان دیگر عہدیداران اور نمائندے بھی موجود تھے، منعقدہ تقریب سے میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کی معاشی ترقی اور صنعتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے صنعتی علاقوں میں بنیادی انفرااسٹرکچر کی بہتری ناگزیر ہے۔ ہمیں یہ یقینی بنانا ہوگا کہ شہر بھی چلتا رہے اور صنعتیں بھی فعال رہیں، کیونکہ صنعتیں چلیں گی تو عام شہری کو فائدہ پہنچے گا، پاکستان کو ٹیکس حاصل ہوگا، حکومت کو امور چلانے میں مدد ملے گی اور صنعتی شعبہ ملک کے لیے زرمبادلہ کمانے میں اپنا کردار ادا کرسکے گا۔
انہوں نے کہا کہ نارتھ کراچی کا صنعتی علاقہ شہر کی معاشی سرگرمیوں میں اہم کردار ادا کررہا ہے اور یہاں سڑکوں، نکاسی آب اور دیگر بنیادی سہولیات کی بہتری سے صنعتکاروں اور کاروباری طبقے کو سہولت ملے گی۔ صنعتی علاقوں میں بہتر انفرااسٹرکچر سے کاروباری ماحول سازگار ہوگا، سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ ہم صنعتکاروں کے ساتھ پہلے بھی کھڑے تھے، آج بھی ان کے ساتھ ہیں اور آئندہ بھی تعاون جاری رکھیں گے۔ آپ ایک قدم آگے بڑھائیں گے تو ہم دو قدم آگے بڑھائیں گے، دو قدم ممکن نہ ہوں تو ایک قدم اور ایک قدم ممکن نہ ہو تو آدھا قدم ہی سہی، لیکن ہمیں آگے بڑھنے کے لیے عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔
میئر کراچی نے کہا کہ سندھ میں پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت کے دوران وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے پہلی مرتبہ تمام صنعتی ایسوسی ایشنز کو فنڈز فراہم کیے اور اس عمل میں یہ نہیں دیکھا گیا کہ کون پیپلز پارٹی سے تعلق رکھتا ہے یا کون اس کا ووٹر ہے۔ کراچی ہمارے لیے اہم شہر ہے اور صنعتی شعبے کے ساتھ تعاون کا بنیادی مقصد شہر کی ترقی ہے۔ صنعتی شعبے کو مشکلات کا سامنا ہوا تو پاکستان پیپلز پارٹی کے نمائندوں نے کراچی چیمبر آف کامرس اور دیگر وفود کے ساتھ بیٹھ کر کاروباری نقصانات کا تخمینہ لگایا، جو اربوں روپے میں تھا جس کے بعد صوبائی حکومت نے کراچی چیمبر کے ذریعے متاثرہ تاجروں کو ادائیگیاں کیں۔
انہوں نے کہا کہ مایوسی پھیلانا اور باتیں کرنا آسان ہے، اصل ضرورت عملی اقدامات کرنے کی ہے۔میئر کراچی نے کہا کہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ تاجروں اور کاروباری طبقے کو تحفظ فراہم کرے تاکہ وہ اپنے مزدوروں کو بروقت اجرت ادا کرسکیں۔ تاجر محفوظ ہوگا تو وہ اپنے مزدوروں کو تنخواہیں دے سکے گا اور کاروباری سرگرمیاں جاری رہیں گی، کراچی کو دوبارہ 90 کی دہائی والا شہر نہیں دیکھنا چاہتا، اس دور میں ہر ہفتے شہر میں قیامت برپا ہوتی تھی اور اخبارات میں ہلاکتوں کی خبریں پڑھنے کو ملتی تھیں۔ بڑی قربانیوں کے بعد ہمیں یہ شہر ملا ہے، اسے دوبارہ ماضی کی صورتحال کی طرف نہیں جانے دینا۔ ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ کراچی میں امن و امان برقرار رکھیں اور عہد کریں کہ ماضی جیسے حالات کسی صورت برداشت نہیں کیے جائیں گے۔ شہر کے امن اور بہتری کے لیے ہر ممکن محنت کرنے کو تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میرا شہر ہے اور میرے ملک کی معیشت کو چلاتا ہے، اس بات پر فخر بھی ہے اور شہر کو درپیش مسائل پر دکھ بھی ہوتا ہے۔ ہمیں ایک دوسرے کے ساتھ مل کر کام کرنے اور باہمی اعتماد کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ سندھ حکومت اور صنعتکار دونوں گیس کی عدم فراہمی کی شکایت کررہے ہیں حالانکہ آئین کے آرٹیکل 158 کے تحت گیس پیدا کرنے والے صوبے کو اس کے استعمال میں پہلا حق حاصل ہے۔ سندھ میں گیس دریافت ہونے کے باوجود صوبے کو اس کے جائز حق کے مطابق گیس نہیں مل رہی۔
میئر کراچی نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں صنعتکاروں کو آرٹیکل 158 کے تحت گیس فراہم کی جارہی ہے تو سندھ کے ساتھ بھی یہی اصول اپنایا جانا چاہیے۔ سندھ کی گیس پنجاب منتقل کی جارہی ہے جبکہ سندھ کے صارفین کو درآمدی ایل این جی فراہم کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گیس کی عدم فراہمی کا معاملہ وفاقی حکومت کی توجہ کا متقاضی ہے۔میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ سندھ میں بجلی پیدا کرنے کے لیے ونڈ کوریڈور موجود ہے اور گوادر سے آگے تک ہوا سے بجلی پیدا کرنے کی وسیع گنجائش موجود ہونے کے باوجود مہنگے بجلی گھر لگائے گئے۔
