ورلڈ کلچر فیسٹیول کے تیرہویں روز سویڈش آرٹسٹ ڈومی فورسٹ کی بصری فنون پر ورکشاپ
کراچی: آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے زیرِ اہتمام 25 روزہ تیسرے ورلڈ کلچر فیسٹیول کراچی 2026ء کے تیرہویں روز آرٹ، یوگا، فلم اور تھیٹر کی مختلف سرگرمیوں کا انعقاد کیا گیا۔
دن کا آغاز سویڈن کی نامور آرٹسٹ ڈومی فورسٹ کی بصری فنون پر مبنی خصوصی ورکشاپ سے ہوا، جبکہ آذربائیجان کی ٹرینر گونائی اسماعیلووا نے شرکاء کے لیے خصوصی یوگا سیشن منعقد کیا۔ دن بھر جاری رہنے والی سرگرمیوں میں طلباء، نوجوانوں اور شائقین نے بھرپور دلچسپی کا مظاہرہ کیا۔سویڈش آرٹسٹ ڈومی فورسٹ کی بصری فنون پر خصوصی ورکشاپ آرٹس کونسل کی لابی میں منعقد کی گئی، جس میں انہوں نے مختلف عملی اور تخلیقی مشقوں کے ذریعے شرکاء کو تربیت فراہم کی۔ ورکشاپ میں خاکہ سازی، بصری اظہار اور جدید فنکارانہ تکنیکوں پر توجہ دی گئی۔ شرکاء نے مختلف تخلیقی سرگرمیوں میں حصہ لیا اور فن کے ذریعے اپنے خیالات اور احساسات کے اظہار کی مشق کی۔
اس موقع پر صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے سویڈش آرٹسٹ ڈومی فورسٹ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آپ اس شہر اور اس ادارے میں بے شمار رنگ، جذبہ اور محبت شامل کر رہی ہیں۔ تمام طلباء کے لیے خوشخبری ہے کہ ڈومی مارچ میں کم از کم دو ہفتوں کے لیے دوبارہ آرٹس کونسل آئیں گی، جہاں وہ باقاعدہ تدریس اور تربیت فراہم کریں گی۔سویڈش آرٹسٹ ڈومی فورسٹ نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنی تصویروں کے ذریعے کہانی سناتے ہیں۔
اس ورکشاپ کی سب سے اہم بات یہ نہیں کہ اس دوران کیا ہوا بلکہ یہ ہے کہ اس کے بعد آپ کیا کرنے کا فیصلہ کرتے ہیں۔ یہ ایک یاد دہانی ہے کہ اردگرد کتنی ہی ہلچل کیوں نہ ہو، انسان اپنے اندرونی سکون اور جذبے کی چنگاری برقرار رکھ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو بھی احساسات سامنے آئیں، انہیں دل سے قبول کریں کیونکہ آرٹ ہی سب کچھ ہے جبکہ آذربائیجان کی ٹرینر گونائی اسماعیلووا (Gunay Ismayilova) کی جانب سے ’’Find Your Flow‘‘ کے عنوان سے گائیڈڈ یوگا سیشن بھی منعقد کیا گیا۔
خصوصی یوگا سیشن میں شرکاء کو جسمانی لچک، توازن اور سانس کے درست استعمال پر مبنی بنیادی آسن سکھائے گئے۔ ٹرینر نے ذہنی تناؤ کے خاتمے اور اندرونی سکون کے لیے بریتھنگ ایکسرسائز، مختلف اسٹریچنگ پوز اور گائیڈڈ میڈیٹیشن کی تربیت فراہم کی۔ شرکاء نے جسمانی توانائی بحال کرنے، فوکس بڑھانے اور توازن برقرار رکھنے کی مشقوں میں بھرپور دلچسپی لی۔فلم اسکریننگ میں پاکستانی پنجابی فلم ’’مینگو جٹ‘‘ بھی فیسٹیول کا حصہ بنی۔ فلم میں ایکشن، مزاح، رومانس اور خاندانی جذبات کو پیش کیا گیا ہے۔ فیسٹیول کے تیرہویں روز کا اختتام دو تھیٹر پلے ’’تعلیم بالغان‘‘ اور ’’بیگم جان‘‘ سے ہوا۔ فرحان عالم صدیقی کے تحریر و ہدایت کردہ مزاحیہ کھیل ’’تعلیم بالغان‘‘ میں بالغوں کے تعلیمی مرکز میں پیش آنے والے دلچسپ واقعات کے ذریعے معاشرتی رویوں اور قومی اقدار پر طنز کیا گیا۔
دوسری جانب تھیٹر پلے ’’بیگم جان‘‘ میں ایک ایسی خاتون کی داستان پیش کی گئی جو کبھی اپنی شہرت اور مقبولیت کے باعث لوگوں کی توجہ کا مرکز تھی، لیکن بدلتے وقت کے ساتھ فراموش کر دی گئی۔ ڈرامے میں ایک بھولی بسری فنکارہ کی زندگی، تنہائی اور بدلتے معاشرتی رویوں کو موضوع بنایا گیا۔دونوں تھیٹر پلے دیکھنے کے لیے شائقین کی بڑی تعداد آرٹس کونسل پہنچی۔ عوامی رش کے باعث ہالز اور آڈیٹوریم کے داخلی دروازے بند کرنا پڑے، جبکہ حاضرین نے فنکاروں کی پرفارمنس کو بھرپور انداز میں سراہا۔
