گلبرگ ٹاؤن کے مختلف علاقوں میں 40 سال بعد سڑکوں کی تعمیر،چیئرمین نے جائزہ لیا
کراچی: گلبرگ ٹاؤن میں بڑے پیمانے پر ترقیاتی کام تیزی سے جاری ہیں۔ بلاک 17، 18، 19 اور 20 میں سڑکوں کی تعمیر و استرکاری کے ساتھ سمن آباد، النور اور انچولی کے بعض علاقوں میں تقریباً 40 سال بعد سڑکوں کی تعمیر کا کام کیا جا رہا ہے۔
ان خیالات کا اظہار چیئرمین گلبرگ ٹاؤن نصرت اللہ نے بلاک 17 اور 18 میں جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو بہتر بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے لیے دستیاب وسائل کو مؤثر انداز میں استعمال کیا جا رہا ہے اور ان علاقوں میں بھی ترقیاتی کام شروع کیے گئے ہیں جہاں طویل عرصے سے بنیادی سہولیات کا فقدان تھا۔
نصرت اللہ نے کہا کہ سمن آباد، النور اور انچولی کے بعض علاقوں میں تقریباً 40 سال بعد سڑکوں کی تعمیر کا کام شروع ہونا اس بات کا ثبوت ہے کہ گلبرگ ٹاؤن کی موجودہ انتظامیہ شہریوں کے دیرینہ مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔ بلاک 17، 18، 19 اور 20 میں بھی مختلف سڑکوں کی تعمیر و استرکاری کا کام تیزی سے جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کے وژن کے مطابق گلبرگ ٹاؤن میں اپنے دستیاب اختیارات سے بڑھ کر عوامی خدمت اور ترقیاتی کاموں کو آگے بڑھایا جا رہا ہے۔ *12 ربیع الاول سے قبل جاری ترقیاتی کام مکمل کرکے شہریوں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کی جائیں گی۔*
چیئرمین گلبرگ ٹاؤن نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ جاری ترقیاتی منصوبوں میں معیار کو یقینی بنایا جائے اور *12 ربیع الاول سے قبل کاموں کی تکمیل ہر صورت یقینی بنائی جائے* تاکہ شہریوں اور جلوسوں کے شرکاء کو آمدورفت میں سہولت حاصل ہو۔
اس موقع پر امیر جماعت اسلامی ضلع گلبرگ کامران سراج، یو سی 1 کے چیئرمین عاصم مخدومی، ناظم علاقہ محمد عابد، یو سی 2 کے چیئرمین فیصل شیخ، محکمہ بی اینڈ آر کے ایکس این محمد سہیل خان،ایکس سی این ایم اینڈ ای محمد یاور اور دیگر متعلقہ افسران و عملہ بھی موجود تھا۔
