چیئرمین لانڈھی ٹاؤن کا میلاد النبی ﷺ کے جلوسوں و محافل کے ذمہ داران سے اہم اجلاس
کراچی: چیئرمین لانڈھی ٹاؤن عبدالجمیل خان نے ٹی ایم سی محمد نواز خان مہر کے ہمراہ علمائے کرام اور میلاد النبی ﷺ کے جلوسوں و محافل کے ذمہ داران سے اہم اجلاس کیا۔
اجلاس میں عید میلاد النبی ﷺ کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے صفائی ستھرائی، اسٹریٹ لائٹس، جلوسوں کے راستوں اور دیگر بلدیاتی سہولیات کے لیے خصوصی انتظامات کا فیصلہ کیا گیا۔
چیئرمین عبدالجمیل خان نے کہا کہ عید میلاد النبی ﷺ عشقِ رسول ﷺ کے اظہار کا عظیم موقع ہے اور ہمیشہ کی طرح اس سال بھی لانڈھی ٹاؤن میں جشنِ میلاد النبی ﷺ بھرپور عقیدت، احترام اور مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ شاندار انداز میں منایا جائے گا۔
انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ میلاد کی محافل اور جلوسوں کے مواقع پر شہریوں کو ہر ممکن بلدیاتی سہولت فراہم کی جائے۔ اجلاس میں علمائے کرام اور متعلقہ ذمہ داران نے انتظامیہ سے مکمل تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔
