گڈاپ ٹاؤن چیئرمین،وائس چیئرمین اور ایم سی کی ھدایت پر جشنِ آزادی فٹبال ٹورنامنٹ کا انعقاد
کراچی: ٹاؤن میونسپل کارپوریشن گڈاپ کے چیئرمین طارق عزیز بلوچ، وائس چیئرمین جام محمد جوکھیو اور میونسپل کمشنر ملک مجتبیٰ ایاز کی خصوصی ھدایت پر 79ویں جشنِ آزادی کے سلسلے میں جشنِ آزادی فٹبال ٹورنامنٹ 2026 کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جس کی تیاریاں بھرپور انداز میں جاری ہیں۔
ٹاؤن میونسپل کارپوریشن گڈاپ کی جانب سے جشنِ آزادی کو شایانِ شان طریقے سے منانے کے لیے مختلف تقریبات اور سرگرمیوں کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔ فٹبال ٹورنامنٹ بھی اسی سلسلے کی اہم سرگرمی ہے، جس میں مختلف ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں اور نوجوان کھلاڑی بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ مقابلوں میں شرکت کر رہے ہیں۔
چیئرمین طارق عزیز بلوچ نے کہا کہ نوجوان ملک کا قیمتی سرمایہ ہیں، انہیں کھیلوں سمیت صحت مند اور مثبت سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرنا ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔ کھیل نوجوانوں میں نظم و ضبط، ٹیم ورک، برداشت اور قیادت کی صلاحیتوں کو فروغ دینے کے ساتھ انہیں مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرتے ہیں۔
وائس چیئرمین جام محمد جوکھیو نے کہا کہ جشنِ آزادی کے موقع پر فٹبال ٹورنامنٹ کا انعقاد نوجوانوں میں وطن سے محبت، قومی یکجہتی اور بھائی چارے کے جذبے کو فروغ دینے کا بہترین ذریعہ ہے۔
میونسپل کمشنر ملک مجتبیٰ ایاز نے کہا کہ ٹورنامنٹ کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لیے متعلقہ افسران اور عملہ بھرپور انداز میں مصروفِ عمل ہے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر اسپورٹس گڈاپ ٹاؤن طاہر بلوچ بھی ٹورنامنٹ کے انتظامات کی نگرانی اور فائنل میچ کی تیاریوں میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
گڈاپ ٹاؤن کے شہریوں اور نوجوانوں نے جشنِ آزادی کے موقع پر فٹبال ٹورنامنٹ کے انعقاد کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کی مثبت سرگرمیاں نوجوان نسل میں کھیلوں کا شوق پیدا کرنے اور قومی جذبے کو مزید اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
