ڈپٹی کمشنر ضلع ویسٹ کا مومن آباد ٹاؤن کا دورہ، ربیع الاول کے جلوس کی گزرگاہوں سے تجاوزات کے خاتمے کے احکامات
کراچی: ڈپٹی کمشنر ضلع ویسٹ ذوالفقار علی میمن کا مومن آباد ٹاؤن کا دورہ، ربیع الاول کے جلوس کی گزرگاہوں سے تجاوزات کے خاتمے کے احکامات
کراچی: ڈپٹی کمشنر ضلع ویسٹ ذوالفقار علی میمن نے ٹاؤن چیئرمین مومن آباد ٹاؤن ملک عارف اعوان اور میونسپل کمشنر مومن آباد ٹاؤن اصغر علی کے ہمراہ بنارس اور مومن آباد ٹاؤن کے اطراف کا دورہ کیا اس موقع پر فوکل پرسن خضر حیات اور بلدیاتی افسران بھی موجود تھے۔
دورے کے دوران ربیع الاول کے حوالے سے جلوس کی گزرگاہوں کا تفصیلی معائنہ کیا گیا۔ اس موقع پر ٹاؤن چیئرمین مومن آباد ٹاؤن ملک عارف اعوان نے ڈپٹی کمشنر ضلع ویسٹ ذوالفقار علی میمن کو علاقے میں جاری انتظامات، تجاوزات کے خاتمے، صفائی ستھرائی اور جلوس کی گزرگاہوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ملک عارف اعوان نے بتایا کہ ربیع الاول کے جلوسوں کی گزرگاہوں کو ہر قسم کی رکاوٹ اور تجاوزات سے پاک رکھنے کے لیے ٹاؤن انتظامیہ کی جانب سے اقدامات کیے جا رہے ہیں، جبکہ صفائی ستھرائی اور دیگر ضروری انتظامات کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے۔
ڈپٹی کمشنر ضلع ویسٹ ذوالفقار علی میمن نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ جلوس کی گزرگاہوں سے تجاوزات کا فوری خاتمہ کیا جائے اور راستوں کو صاف، کشادہ اور رکاوٹوں سے پاک رکھا جائے۔
انہوں نے مزید ہدایت کی کہ ربیع الاول کے دوران جلوس کے شرکاء اور شہریوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں اور تمام انتظامات بروقت مکمل کیے جائیں۔
