کشمیر کا حتمی فیصلہ کشمیری عوام کی رائے کے مطابق ہونا چاہیے:منصور شیخ
کراچی:چئیرمین صدر ٹاؤن منصور احمد شیخ نے کہا ہے کہ 5 اگست 2019 کو بھارت کی جانب سے کیے گئے یکطرفہ اقدامات بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روح کے منافی ہیں اور ان سے مسئلہ کشمیر کی متنازع حیثیت تبدیل نہیں کی جاسکتی، کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت پاکستان کے اصولی مؤقف کا حصہ ہے اور یہ حمایت ہر سطح پر جاری رہے گی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیمبرز کامرس اینڈ انڈسٹری فیڈریشن آف پاکستان کے زیر اہتمام ”یومِ استحصالِ کشمیر“ کے موقع پرمنعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا
تقریب کا آغاز تلاوت قران پاک کے بعد قومی ترانے سے کیا گیااس موقع پرچیمبر آف کامرس کے سینئر وائس پریذیڈینٹ ثاقب فیاض،وائس پریذیڈنٹ آصف سکھی اور ممبران بھی موجود تھے چیئرمین صدر ٹاؤن منصور احمد شیخ نے کہا کہ 5 اگست 2019 کے اقدامات کے ذریعے مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت ختم کرنے کی کوشش کی گئی، تاہم اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیر ایک متنازع خطہ ہے اور اس کا حتمی فیصلہ کشمیری عوام کی رائے کے مطابق ہونا چاہیے، انہوں نے کہا کہ گزشتہ کئی دہائیوں سے کشمیری عوام مشکلات اور انسانی حقوق سے متعلق سنگین مسائل کا سامنا کر رہے ہیں جن پر عالمی برادری کو مؤثر کردار ادا کرنا چاہیے،انہوں نے کہا کہ یومِ استحصالِ کشمیر کا مقصد عالمی ضمیر کو جھنجھوڑنا اور کشمیری عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرنا ہے.
منصور احمد شیخ نے کہا کہ اہلِ کراچی کشمیری عوام کے بنیادی حقوق اور ان کے حقِ خودارادیت کی حمایت جاری رکھیں گے، انہوں نے اقوام متحدہ اور عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اپنی ذمہ داریاں ادا کریں اور خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے مؤثر اقدامات کریں.
انہوں نے کہا کہ یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر دنیا کے مختلف ممالک میں سیمینارز، کانفرنسوں، ریلیوں اور دیگر تقریبات کا انعقاد کیا جاتا ہے جن کا مقصد مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنا اور انسانی حقوق سے متعلق تشویش کو دنیا کے سامنے پیش کرنا ہے، انہوں نے کہا کہ یومِ استحصالِ کشمیر ہمیں اس عزم کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے کہ ہم کشمیری عوام کے جائز حقوق کی حمایت جاری رکھیں گے اور انصاف، امن اور انسانی وقار کے فروغ کے لیے ہر ممکن آواز بلند کرتے رہیں گے۔اس موقع پر چیمبر آف کامرس کے سینئر وائس پریذیڈنٹ ثاقب فیاض نے کہا کہ کشمیری عوام ہی نہیں بلکہ بھارت میں بسنے والے تمام مسلمانوں کے ساتھ روزانہ کی بنیاد پر استحصال ہورہا ہے، 5اگست کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت کا دن ہے انہوں نے مزید کہا کہ کشمیر تاحیات پاکستان کا حصہ تھا، ہے اور رہے گا ہماری نسبت اور ہمارا تعلق کشمیریوں کے ساتھ کسی بھی حالت میں ختم نہیں ہوسکتا۔
