چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن کا عیدالاضحی انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے مختلف علاقوں کا دورہ،آلائشیں ٹھکانے لگانے کی حکمت عملی تیار
کراچی: چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے عیدالاضحی کے موقع پر صفائی ستھرائی اور آلائشیں ٹھکانے لگانے کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے نیو کراچی ٹاؤن کے مختلف علاقوں میں قائم ڈمپنگ پوائنٹس اور عیدگاہوں کا دورہ کیا۔اس موقع پر وائس چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن شعیب بن ظہیر، ایڈیشنل ڈائریکٹر سینی ٹیشن محمدمشتاق خان، محکمہ بی اینڈ آر کے انچارج فیصل صغیر اور پبلک ریلیشن آفیسر نیو کراچی ٹاؤن عقیل اختر بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
دورے کے دوران چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ عید قرباں کے دنوں میں صفائی کے نظام کو ہر صورت مؤثر اور فعال رکھا جائے تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
انہوں نے موقع پر موجود عملے کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے ہدایت کی کہ عیدالاضحی کے تینوں دن خصوصی صفائی آپریشن جاری رکھا جائے۔
چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے کہا کہ ٹاؤن انتظامیہ نے عیدالاضحی سے قبل تمام ڈمپنگ پوائنٹس کلیئر کر دیے ہیں جبکہ علاقوں سے آلائشیں فوری طور پر اُٹھانے اور انہیں بر وقت ٹھکانے لگانے کی حکمت عملی تیارکرلی گئی ہے،چرم قربانی کے موقع پر ٹاؤن انتظامیہ متعلقہ اداروں سے مکمل تعاون کرے گی۔ ہماری کوشش ہے کہ عید قرباں کے موقع پر شہریوں کو صاف ستھرا اور صحت مند ماحول فراہم کیا جائے۔ صفائی کے مؤثر نظام کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں تاکہ آلائشیں بروقت ٹھکانے لگائی جا سکیں اور کسی بھی علاقے میں تعفن یا گندگی پیدا نہ ہو۔انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ قربانی کی آلائشیں مقررہ مقامات پر رکھیں اور بلدیاتی عملے کے ساتھ تعاون کریں تاکہ صفائی کا عمل تیزی اور مؤثر انداز میں مکمل کیا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوامی تعاون سے نہ صرف علاقے صاف رہیں گے بلکہ بیماریوں اور ماحولیاتی آلودگی سے بھی بچاؤ ممکن ہوگا۔
