ٹاؤن میونسپل کارپوریشن گڈاپ کا انسدادِ پولیو مہم کے دوران میونسپل کمشنر ملک مجتبیٰ ایاز نے یوسی گڈاپ کا دورہ
کراچی: ٹاؤن میونسپل کارپوریشن گڈاپ میں جاری انسدادِ پولیو مہم کے دوران میونسپل کمشنر ملک مجتبیٰ ایاز نے یوسی گڈاپ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے گھر گھر پلانے کی مہم کی سرگرمیوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔اس موقع پر گڈاپ ٹاؤن محکمہ صحت کے ڈاکٹرز، ڈپٹی ڈائریکٹر سینٹیشن محمد افضل لغاری، محکمہ صحت کے افسران، لیڈی ہیلتھ ورکرز، مقامی رضاکار اور یونیسیف کے CBO حنیف بروہی بھی موجود تھے۔
میونسپل کمشنر ملک مجتبیٰ ایاز نے کہا کہ پولیو کے سلسلے میں میں خود روز پولیو ٹیم کے ساتھ وزٹ کررہا ہوں پو لیو کے خاتمے کے لیے ہر شہری کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ والدین اپنے بچوں کو لازمی طور پر پولیو کے قطرے پلائیں تاکہ آنے والی نسل کو اس موذی مرض سے نجات اور محفوظ بنایا جا سکے۔
انہوں نے گڈاپ ٹاؤن پولیو ٹیموں، افسران اور محکمہ پولیس کے جوانوں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ انسدادِ پولیو مہم کامیابی سے جاری ہے اور ٹیمیں گھر گھر جا کر بچوں کو ویکسین پلا رہی ہیں۔بلدیاتی عملہ اور محکمہ صحت باہمی تعاون سے گڈاپ ٹاؤن کے تمام علاقوں کو پولیو فری بنانے کے لیے سرگرم ہیں۔
چیئرمین ٹاؤن میونسپل کارپوریشن گڈاپ طارق عزیز بلوچ نے اپنے پیغام میں کہا کہ پولیو مہم 13سے 19اپریل تک جاری ہے۔پولیو کا خاتمہ حکومتِ کی اولین ترجیح ہے۔ گڈاپ ٹاؤن انتظامیہ، محکمہ صحت اور تمام فیلڈ اسٹاف کو چاہیے کہ وہ اس قومی مہم کو ذمہ داری سمجھ کر کامیاب بنائیں۔
انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلائیں تاکہ گڈاپ ٹاؤن کو پولیو فری علاقوں میں شامل کیا جا سکے۔
اس موقع پر ڈائریکٹر انفارمیشن رضوان صابر، سیکریٹری یوسی گڈاپ زمان خاصخیلی، یو سی سیکریٹری شاہ مرید امتیاز بلوچ، آفس سپرنٹنڈنٹ رضا رضوی اور دیگر بھی موجود تھے۔
