سکیورٹی فورسز نے بہادری اور دانشمندانہ آپریش سے 155 مسافروں کو بازیاب کرالیا جبکہ27 دہشتگردوں کو جہنم واصل کردیا گیا اور متعدد زخمی ہوگئے۔
رپورٹس کے مطابق بازیاب کروائے جانے والوں میں 58 مرد، 31 عورتیں اور 15 بچے شامل ہیں،17 زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا جا چکا ہے۔
باقی مسافروں کی باحفاظت بازیابی کے لیے سکیورٹی فورسز کا آپریشن جاری ہے۔
سکیورٹی فورسز کی نگرانی میں مال ٹرین مسافروں کو لے کر مچھ ریلوے اسٹیشن پہنچ گئی ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے دہشگردی کے بزدلانہ واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔
صدر مملکت کا سیکیورٹی فورسز کی جانب سے موثر کاروائی پر فورسز کو خراج تحسین
صدر مملکت نے سیکیورٹی فورسز کی جانب سے جعفر ایکسپریس کے مسافروں کو ریسکیو کرنے پر فورسز کی بہادری کی تعریف کی ہے۔
صدر آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ نہتے شہریوں اور مسافروں پر حملے غیر اِنسانی اور مذموم عمل ہے، مسافروں پر حملے کرنے والے بلوچستان اور اسکی روایات کے خلاف ہیں۔
صدر مملکت نے کہا کہ بلوچ قوم نہتے مسافروں، بزرگوں اور بچوں پر حملے کرنے اور یرغمال بنانے والوں کو مسترد کرتی ہے،کوئی مذہب اور معاشرہ ایسی گھناؤنی کاروائیوں کی اجازت نہیں دیتا،صدر مملکت نے جعفر ایکسپریس حملے میں زخمی ہونے والوں کیلئے جلد صحتیابی کی دعا بھی کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ دہشتگردوں کے خلاف جاری کارروائی میں سکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکار بہادری و پیشہ ورانہ مہارت سے ان کا سدباب کررہے ہیں۔دشوار راستوں کے باوجود آپریشن میں شامل سکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکاروں کے حوصلہ بلند ہیں۔سکیورٹی فورسز بروقت کارروائی اور بہادری سے بزدل دہشگردوں کو پسپائی کی جانب دھکلی رہے ہیں۔
وزیرداخلہ محسن نقوی نے دہشتگردون کی بزدلانہ کارروائی کی سخت مذمت کی ہے۔
شرجیل انعام میمن کی جعفر ایکسپریس پر دہشت گرد حملے کی شدید مذمت
دوسری جانب سینئروزیر سندھ شرجیل انعام میمن نے بلوچستان کے علاقے بولان میں جعفر ایکسپریس پر دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی ہے۔
شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے ایسے واقعات ہمارے قومی عزم کو کمزور نہیں کر سکتے،دہشتگرد کارروائی ملک دشمن عناصر کی بزدلانہ کوشش ہے جو پاکستان میں عدم استحکام پیدا کرنا چاہتے ہیں۔
سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ ملک دشمن عناصر ملک میں خوف و ہراس پھیلانا چاہتے ہیں، وہ کسی بھی قیمت پر کامیاب نہیں ہونگے۔ بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانے والے دہشت گرد کسی رعایت کے مستحق نہیں۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پوری قوم اور زیادہ مضبوطی سے متحد ہو کر ان عناصر کے خلاف کھڑی ہوگی۔
