کراچی: گلبرگ ٹاؤن کا اندھیروں سے روشنی کی جانب سفر جاری ہے گزشتہ روز باغِ رضوان سے رائل سویٹ،بلاک 14 تک امیر جماعت اسلامی ضلع (وسطی)کامران سراج اور چیئرمین گلبرگ ٹاؤن نصرت اللہ نے اسٹریٹ لائٹ کا افتتاح کر دیا اس موقع پر ان کے ہمراہ ٹاؤن وائس چیئرمین محمدالیاس، یو سی چیئرمین عظیم اللہ حسینی، وائس چیئرمین اویس بیگ، X.E.N (ایم اینڈ ای) محمد یاور دیگربلدیاتی افسران و عملہ اور عوام کی بڑی تعداد موجود تھی۔
اس موقع پر امیر جماعت اسلامی کامران سراج نے کہا کہ آج سڑکیں، گلیاں اور بازار روشن ہیں، میں ان ٹاؤن کا ذکر کر رہا ہوں جہاں جماعت اسلامی کے منتخب ٹاؤن چیئرمین، یوسی چیئرمین اور کونسلرز موجود ہیں ان ٹاؤن کی صفائی ستھرائی اور روشنی ہوتا ہوا کام آپ کو نظر آئے گا۔حافظ نعیم الرحمن کے وژن کے مطابق ہم اختیارات کا رونا نہیں روئیں گے ہم اپنے تمام وسائل کو بروئے کار لا کر عوام کے مسائل حل کریں گے، ہم شکایت نہیں کریں گے،ہم روشنیاں کرنے آئے ہیں اور روشنی کر رہے ہیں۔ ہم پر عوام نے اعتماد کیا ہے ہم ان کے اعتماد پر پورا اتریں گے اور خدمت کا سفر جاری رکھیں گے
اس موقع پر چیئرمین نصرت اللہ نے کہا کہ روشنی دور جدید میں زندگی کو محترک رکھنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے یہی وجہ ہے کہ گلبرگ ٹاؤن انتظامیہ کی جانب سے دیگر کاموں کی انجام دہی کے ساتھ ساتھ سڑکوں اور گلیوں کو روشن رکھنے پر بھی بھرپور توجہ دی جا رہی ہے۔ ہمارا نصب العین پورے گلبرگ ٹاؤن کی عوام کو بلا امتیاز و بلا تفریق تمام تر بلدیاتی سہولت فراہم کرنا ہے۔ اسٹریٹ لائٹ اور ہائی ماسک پول کی تنصیب کے کاموں کے مکمل ہونے سے شاہراہیں، سڑکیں اور گلیاں مزید روشن ہو جائیں گی اس طرح کی ترقیاتی منصوبوں کے ثمرات براہ راست عوام تک پہنچیں گے کراچی میں روشنی کی بات کریں تو آپ لوگوں کو یاد ہوگا کہ کراچی کو روشنیوں کا شہر اور عروس العباد کے نام سے جانا جاتا تھا۔ پچھلے 18 سالوں میں کراچی کو اندھیرے میں ڈبو دیا گیاتھا، لیکن اب جماعت اسلامی کی متخب قیادت نے شہر کی رونقیں بحال کرنے کا آغاز کر دیا ہے اور انشا ء اللہ یہ سفر جاری رہے گا۔
