نیو کراچی ٹاؤن سیکٹر فائیو سی ٹو میں عائشہ منور پردہ پارک تزئین و آرائش کے بعد بحال، چیئرمین نےافتتاح کردیا

کراچی: منتخب بلدیاتی نمائندوں کا اہلیان نیو کراچی ٹاؤن کو خوبصورت پارک کا تحفہ۔نیو کراچی ٹاؤن سیکٹر فائیو سی ٹو  میں عائشہ منور پردہ پارک  تزئین و آرائش کے بعد عوام کے لئے کھول دیا گیا۔پُر وقار تقریب میں چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے وائس چیئرمین شعیب بن ظہیر کے ہمراہ عائشہ منور پردہ پارک کاافتتاح کیا۔

اس موقع پر نیو کراچی ٹاؤن کی مختلف یونین کمیٹی کے چیئرمینز و وائس چیئرمینز،جماعت اسلامی شعبہ خواتین کی عہدیداران،پارک کمیٹی کے ممبران عمران فقیر،توقیر خان،عمران شفیق،فیضان قریشی،کوآرڈینیٹر چیئرمین نیو کراچی حنظلہ انور قریشی،ڈپٹی ڈائریکٹر باغات آفتاب احمد،سینئر آفیسر باغات جاوید جمال،انچارج بی اینڈ آر فیصل صغیر،محکمہ ایم ای اینڈ ڈی کے افسران و دیگر بلدیاتی افسران اور عوام بالخوص خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

چیئر مین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے افتتاح کے موقع پر عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نیو کراچی ٹاؤن میں عائشہ منور پردہ پارک اپنی نوعیت کا پہلا پارک ہے جس میں خوبصورت بارہ دری بنائی گئی ہے اور پارک کے سینٹر میں خوبصورت فائنٹین بنایا گیا ہے، بچوں کے لئے خوبصورت جھولے،خواتین اور بزرگوں کے بیٹھنے کے لئے آرام دہ اور دیدہ زیب بینچیز لگائی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صحت مند اور خوشگوار ماحول کے ساتھ بلدیاتی خدمات کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے ہم نے جو اپنی عوا م سے وعدے کئے ہیں الحمداللہ بلا تعطل ان وعدوں کو پورا کررہے ہیں،نیو کراچی ٹاؤن کے پارکس و پلے گراؤنڈز کو خوبصورت بنانے کے لئے تزئین و آرائش کے کام ہنگامی بنیادوں پر جاری ہیں جس میں محکمہ باغات کی کاوشیں کابل ِستائش ہیں۔انہوں نے کہا کہ جس ماحول میں آج ہم موجود ہیں ایسا ہی خوشگوار ماحول پور ے ٹاؤن بلکہ پورے شہر قائد میں ہونا چاہیئے،الحمداللہ مجھے بحیثیت ٹاؤن چیئرمین اللہ پاک نے یہ موقع دیا ہے کہ میں نیو کراچی ٹاؤن کی عوام کی خدمت کروں

ان کا کہنا تھا کہ سابقہ دور میں نیو کراچی ٹاؤن کو نظر انداز کیا جاتا رہا اور اس ٹاؤن کے باسیوں کے مسائل پر توجہ نہیں دی گئی آج منتخب بلدیاتی نمائندے نیو کراچی ٹاؤن کے ہر علاقے میں جاکر عوامی مسائل کو سن رہے ہیں اور ان مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کررہے ہیں۔یہی وجہ ہے کہ جب ٹاؤن چیئرمین کا چارج ملا تو نیو کراچی ٹاؤن کا یہ پارک تباہ حال تھا ڈائریکٹر باغات کے ساتھ مل کر اس پارک کی از سر نو بحالی کا کام کیا گیااور آج الحمد اللہ عائشہ منور پردہ پارک کو تیار کرکے عوام کے لئے کھول دیا گیاہے۔

افتتاحی تقریب سے وائس چیئرمین شعیب بن ظہیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی منزل تک پہنچنے کے لئے پختہ عزم اور ارادے کی ضرورت ہوتی ہے چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف کی سربراہی میں نیو کراچی ٹاؤن کی عوام کے مسائل کو حل کرنے اور سہولیات کی فراہمی کے لئے کوشاں ہیں۔چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے افسران کی کاوشوں کو سہراتے ہوئے انہیں اعزازی شیلڈ بھی دیں۔

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں