کراچی: نیو کراچی ٹاؤن میں موجود کچی آبادیوں میں بنیادی بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے،جماعت اسلامی کے منتخب بلدیاتی نمائندے بلا تفریق رنگ و نسل اپنی خدمات پیش کررہے ہیں،ان خیالات کا اظہار وائس چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن شعیب بن ظہیر نے یونین کمیٹی نمبر 06 خمیسوگوٹھ میں نئی ڈالی جانے والی پانی کی لائن کا معائنہ کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر یونین کمیٹی نمبر 06 کے چیئرمین رحمت علی،یوسی وائس چیئرمین افضل بروہی،یوسی کونسلر و اراکین یونین کمیٹی،سپرٹینڈنگ انجینئر بی اینڈ آر اشفاق حُسین،انچارج بی اینڈ آر فیصل صغیر،AEE بی اینڈ آر صفدرحُسین،AEE بی اینڈ آر ساجد صدیقی و دیگر ٹاؤن افسران بھی موجود تھے۔
وائس چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن شعیب بن ظہیر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خمیسو گوٹھ کے اس علاقے میں پانی کی لائن شروع دن سے موجود ہی نہیں ہے اور علاقہ مکین اپنی بنیادی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے دوسرے علاقوں سے پانی لاتے ہیں یہ ظلم کی انتہاہے کہ کچی آبادی کے لوگوں کو پانی تک کی بنیادی سہولت میئسر نہیں ہے یہ عوامی خدمت فراہم کرنے والے اداروں پر سوالیہ نشان ہے۔جماعت اسلامی کے منتخب بلدیاتی نمائندوں نے عوام کی شکایت پر علاقے کا دورہ کیااور موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا۔
چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے عوام کی پریشانی اوران کے اس دیرینہ مطالبے پر فوری عمل کرتے ہوئے متعلقہ محکمے کو ہدایت جاری کیں الحمد اللہ آج عوام کے اس مسئلے کو حل کیا جا رہا ہے اور نیو کراچی ٹاؤن کی جانب سے خمیسو گوٹھ میں پانی کی4 ً انچ قطر کی ایک ہزار رننگ فٹ لائن ڈالی جارہی ہے جس سے علاقے کے لوگوں کی پانی کی ضروریات پوری ہونگی اس سلسلے میں علاقہ معززین اور جماعت اسلامی کے کارکنان کی کوششیں قابل تعریف ہیں اور میں چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف کا بھی بے حد مشکور ہوں جنہوں نے عوام کے درد اور پریشانی کو محسوس کرتے ہوئے عوام کے مطالبے کو پورا کیاہم صرف وعدے نہیں کرتے بلکہ وعدے وفا کرتے ہیں،الحمداللہ جماعت اسلامی کے نمائندے عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار ہیں اور نیو کراچی ٹاؤن کے پوش علاقے ہوں یا کچی آبادیاں ہوں ہر جگہ بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے لئے شب و روز کوشاں ہیں۔
