ایس آئی یو ٹی کادس لاکھ خواتین تک بریسٹ کینسر سے آگاہی کا پیغام پہنچانے کا عزم
کراچی: سندھ انسٹی ٹیوٹ آف یورولوجی اینڈ ٹرانسپلانٹیشن (ایس آئی یو ٹی) اور سانٹیکس پراڈکٹس (پرائیویٹ) لمیٹڈ نے بریسٹ کینسر سے متعلق آگاہی بڑھانے کے لیے تین ماہ کی مہم شروع کرنے کی غرض سے مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کر دیے ہیں۔ اس مہم کا مقصد ایک ملین (10 لاکھ) خواتین تک بریسٹ کینسر سے آگاہی اور بروقت تشخیص کا پیغام پہنچانا ہے۔
اس سلسلے میں مفاہمت کی یادداشت پر ایس آئی یو ٹی ٹرسٹ کی ٹرسٹی ڈاکٹر لامیہ رضوی اور سانٹیکس پراڈکٹس پرائیویٹ لمیٹڈ کے ڈائریکٹر آپریشنز فیروزمجتبی رحمان نے دستخط کیے۔
اکتوبر سے دسمبر 2026ء تک جاری رہنے والی اس مہم کے دوران خواتین میں بریسٹ کینسر سے متعلق شعور اجاگر کرنے، بروقت خود معائنے کی اہمیت کو فروغ دینے اور انہیں مستند و آسانی سے دستیاب طبی معلومات فراہم کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔
اس اقدام کے تحت سینیٹری نیپکن پیکٹس میں بریسٹ کینسر سے آگاہی پر مبنی معلوماتی پرچیاں شامل کی جائیں گی، جن پر موجود کیو آر کوڈ کے ذریعے خواتین ایس آئی یو ٹی کی تیار کردہ تعلیمی ویڈیو تک رسائی حاصل کر سکیں گی۔ اس ویڈیو میں چھاتی کے خود معائنے کا طریقہ بتایا گیا ہے، تاکہ خواتین اپنی صحت کے حوالے سے زیادہ باخبر اور محتاط رہ سکیں۔
مزید برآں، اس مہم کے ذریعے خواتین کی حوصلہ افزائی کی جائے گی کہ وہ چھاتی کے خود معائنے کو اپنے ماہانہ معمول کا حصہ بنائیں۔ اس مقصد کے لیے ماہواری ختم ہونے کے تین سے چار روز بعد خود معائنہ کرنے کی اہمیت بھی اجاگر کی جائے گی۔
یہ اشتراک ایک جانب ایس آئی یو ٹی کی طبی مہارت اور ہر فرد کو عزت و وقار کے ساتھ مفت علاج فراہم کرنے کے عزم کو نمایاں کرتا ہے، تو دوسری جانب سانٹیکس کے وسیع نیٹ ورک کے ذریعے صحت کا یہ اہم پیغام خواتین تک ان کی روزمرہ زندگی میں براہِ راست پہنچانے کا ذریعہ بنے گا۔ اس طرح خواتین کو بریسٹ کینسر کے بارے میں مستند معلومات فراہم کرنے اور بیماری کی بروقت شناخت کی اہمیت سمجھانے میں مدد ملے گی۔
اس موقع پر ایس آئی یو ٹی ٹرسٹ کی ٹرسٹی ڈاکٹر لامیہ رضوی نے کہا کہ ایک ملین خواتین تک پہنچنے کا ہمارا عزم اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ ہم مستند طبی معلومات کو اسپتالوں اور طبی مراکز تک محدود رکھنے کے بجائے عام آبادی اور کمیونٹیز تک پہنچانا چاہتے ہیں
انہوں نے مزید کہا کہ آگاہی اور بروقت توجہ خواتین کو ضرورت پڑنے پر طبی مشورہ حاصل کرنے کی ترغیب دینے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔
