لانڈھی میں جدید ترین ’پلس پرو فٹنس کلب‘ کا شاندار افتتاح
ضلع کورنگی میں صحت مند سرگرمیوں کا فروغ: سب ڈویژن لانڈھی میں جدید ترین ’پلس پرو فٹنس کلب‘ کا شاندار افتتاح
نوجوانوں کو منشیات سے دور رکھنے اور صحت مند معاشرے کی تشکیل کے لیے کھیلوں اور جسمانی سرگرمیوں کا فروغ ناگزیر ہے، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سہیل انور آرائیں
لانڈھی میں جدید فٹنس سہولیات کی فراہمی خوش آئند اقدام ہے، جس سے ذیابیطس سمیت دیگر بیماریوں پر قابو پانے میں مدد ملے گی، چیئرمین اینٹی اسٹریٹ کرائم فورم سید عثمان الحسن ایڈووکیٹ
کراچی (نمائندہ خصوصی) ضلع کورنگی کی سب ڈویژن لانڈھی کے علاقے گلشنِ لانڈھی میں دورِ حاضر کی جدید ترین سہولیات سے آراستہ ’پلس پرو فٹنس کلب‘ (Pulse Pro Fitness Club) کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا۔ افتتاحی تقریب میں ضلعی انتظامیہ کے اعلیٰ افسران،ڈائریکٹر انفارمیشن عدنان محمد خان ۔رضوان صابر سماجی رہنماؤں، معززینِ علاقہ اور نوجوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ضلع کورنگی سہیل انور آرائیں نے فیتہ کاٹ کر کلب کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ نوجوان نسل کو منشیات جیسی لعنت اور منفی سرگرمیوں سے بچانے کا واحد اور مؤثر حل کھیلوں اور صحت مندانہ سرگرمیوں کا فروغ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع کورنگی میں اس نوعیت کے معیاری فٹنس مراکز کا قیام حکومتی و سماجی سطح پر ایک مثبت پیش رفت ہے جس سے علاقے کے نوجوانوں کو اپنی توانائیاں مثبت سمت میں لگانے کا بہترین موقع میسر آئے گا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اینٹی اسٹریٹ کرائم فورم کراچی کے چیئرمین سید عثمان الحسن ایڈووکیٹ نے کہا کہ گلشنِ لانڈھی جیسے گنجان آباد علاقے میں عالمی معیار کی جدید فٹنس مشینوں کی فراہمی انتہائی خوش آئند اور مسرت کا باعث ہے۔ انہوں نے کہا کہ غیر متوازن طرزِ زندگی کے باعث مرد و خواتین میں ذیابیطس (شوگر) اور دیگر امراض تیزی سے بڑھ رہے ہیں، ایسے میں یہ فٹنس کلب شہریوں کو صحت مند زندگی کی طرف راغب کرنے اور بیماریوں کے خاتمے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔
تقریب میں شریک تمام مہمانانِ گرامی اور عمائدینِ علاقہ نے کلب کے ڈائریکٹرز کاشف بہلم اور کاشف فراز کی کاوشوں کو بھرپور الفاظ میں سراہتے ہوئے کہا کہ عوام کو بہترین اور معیاری ماحول میں ورزش کی سہولیات فراہم کرنا ایک قابلِ تقلید اقدام ہے،آخر میں کلب کے ڈائریکٹرز نے تمام معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ علاقے میں صحت مند سرگرمیوں کے فروغ کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرتے رہیں گے۔
