بلوچستان میں پاک فوج کے ایک میجر اور حوالدار شہید،3 دہشت گرد ہلاک

بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں شر پسند عناصر کے خلاف کارروائی کے دوران پاک فوج کے ایک میجر اور حوالدار شہید ہوگئے جبکہ 3 دہشت گرد مارے گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق 14 نومبر کو ضلع ہرنائی میں معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کی اطلاع ملنے پر سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کی۔اطلاع پرفوری طور پر میجر محمد حسیب کی قیادت میں علاقے کو کلئیر کرنے کے لیے سیکیورٹی اہلکاروں کو روانہ کردیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسزنے مؤثر طریقے سے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں تین دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ کارروائی کے دوران ایک دیسی ساختہ دھماکہ خیز مواد سیکیورٹی فورسز کی اگلی گاڑی پر پھٹ گیا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ دھماکا خیز مواد پھٹنے کے نتیجے میں فرنٹ لائن پر اپنی ٹیم کی قیادت کرنے والے میجر محمد حسیب اور حوالدار نور احمد نے بہادری سے لڑتے ہوئے وطن پر اپنی جان قربان کر دی اور شہادت کا رتبہ پایا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز قوم کے شانہ بشانہ بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کے عزم پر قائم ہیں۔ہمارے بہادر سپاہیوں کی یہ قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

شہید ہونے والے 28 سالہ میجر محمد حسیب کا تعلق ضلع راولپنڈی سے ہے، جنہوں نے 8 سال6 ماہ تک دفاعِ وطن کا مقدس فریضہ سر انجام دیا،میجر محمد حسیب شہید کے سوگواران میں والدین اور بہن بھائی شامل ہیں۔

شہید 38 سالہ حوالدار نور احمد کا تعلق بلوچستان کے ضلع بارکھان سے ہے اور انہوں نے 14 سال تک وطن عزیز کا دفاع کیا۔حوالدارنور احمد شہید کے سوگواران میں اہلیہ، 3بیٹے اور ایک بیٹی شامل ہیں۔

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں