آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے زیرِ اہتمام آسٹرین جاز اینسیمبل میوزیکل پروگرام کا انعقاد

آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے زیرِ اہتمام آسٹرین جاز اینسیمبل میوزیکل پروگرام کا انعقاد

آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی ہمیشہ شہریوں کے لیے معیاری پروگرام کرتا آرہا ہے،صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ

کراچی: آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی اور آسٹریا کے سفارتخانے کے مشترکہ تعاون سے ’’آسٹرین جاز اینسیمبل‘‘ کا شاندار میوزیکل پروگرام اسٹوڈیو II میں منعقد ہوا، جس میں جاز موسیقی کے شائقین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ پروگرام ’’ورلڈ کلچر فیسٹیول کراچی 2026ء‘‘ کی سیریز کا حصہ تھا، جس میں آسٹریا کے معروف فنکار Robert Pawlik اورMichaela Rabitsch نے اپنی شاندار پرفارمنس سے حاضرین کو محظوظ کیا۔

آسٹرین جاز اینسیمبل کے ساتھ SOVAPA  کے فیکلٹی ممبران وقاص گلاب اورذیشان پرویز نے بھی پرفارم کیا۔ صدر آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی محمد احمد شاہ نے مختلف ممالک کے قونصل جنرلز، سفارتی نمائندگان اور دیگر سماجی و ثقافتی شخصیات کا خیرمقدم کیا۔

تقریب میں ڈائریکٹر گوئٹے انسٹیٹیوٹ پاکستان کراچی Dr. Jörg Martin Schumacher، قونصل جنرل جاپان، قونصل جنرل جنوبی کوریا، قائم مقام قونصل جنرل اٹلی اور اعزازی قونصل جنرل جمہوریہ کوٹ ڈی آئیوری کراچی سمیت دیگر معزز مہمانوں نے شرکت کی۔ آسٹرین جاز اینسیمبل کی پرفارمنس کے دوران گٹار کے ماہر فنکار Robert Pawlik اور ٹرمپٹ پر Michaela Rabitsch نے اپنی فنی صلاحیتوں کا بہترین مظاہرہ کیا۔ آسٹرین فنکاروں کی جاز دھنوں پر موسیقی کے شائقین نے بھرپور داد دے کر فنکاروں کی پرفارمنس کو سراہا۔

اس موقع پر صدر آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی محمد احمد شاہ نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم نے آسٹرین جاز میوزک کے فنکاروں کو سنا، میں آسٹریا کے فنکاروں سمیت یہاں موجود سفارتکاروں اور تمام شرکاء کو خوش آمدید کہتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی مختلف ممالک کے فنکاروں کو پاکستانی شائقین تک پہنچانے کے لیے ثقافتی سرگرمیوں کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔

29اکتوبر سے آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں ورلڈ کلچر فیسٹیول کے تیسرے ایڈیشن کا آغاز ہونے جا رہا ہے، جس میں دنیا بھر سے موسیقار، اداکار، ڈانسرز اور مصور شرکت کریں گے۔ ایک ماہ تک جاری رہنے والے اس فیسٹیول کے ذریعے کراچی کے شہریوں کو دنیا بھر کے مختلف ثقافتی رنگ اور فنون دیکھنے اور ان سے لطف اندوز ہونے کا موقع ملے گا۔

محمد احمد شاہ نے کہا کہ ورلڈ کلچر فیسٹیول کے تقریباً 80فیصد پروگرام مفت ہوں گے، تاہم فیسٹیول میں شرکت کے لیے رجسٹریشن لازمی ہوگی۔

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں