کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کشمیر پر بھارتی قبضہ و جارحیت کے 77 برس کے مظالم کے موقع پراپنے پیغام میں کہا ہے کہ ہم کشمیری عوام کے ساتھ ہیں اور بھارتی مظالم کے خلاف کشمیر ی عوام کی حمایت جاری رکھیں گے
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ بھارت نے غاصبانہ قبضہ کرکےکشمیر ی عوام پر مظالم کے پہاڑ توڑ دیئے جس کے خلاف ہر مہذب معاشرہ کو آواز بلند کرنی چاہیے۔کشمیر ایک حسین و خوبصورت وادی ہے لیکن بھارت نے اسے خون آلود کردیا ہے
ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے سازش کے ذریعے کشمیر پر اپنا جابرانہ قبضہ جمایا اور مسلمانوں کا قتل عام کیا۔ آج کا دن دنیا کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے۔کشمیر پر بھارتی فوج کشی کو 77 سال بیت چکے مگر کشمیری عوام پر مظالم اب بھی جاری ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ مہذب اقوام کو کشمیر کے مسئلے پر سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔کشمیر کا فیصلہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی بنیاد پر ہونا ہی کشمیری عوام کے مسائل کا حل ہے۔بھارتی جارحیت نے بہت سے بے گناہ کشمیریوں کا خون بہایا ہے۔بھارتی جبر کے خلاف اقوام عالم کو بھارت پر دبائو ڈالنا ہوگا۔بھارت خود کو سیکولر اسٹیٹ قرار دیتا ہے مگر کشمیری عوام کی حق خودارادیت کو تسلیم کرنے سے کتراتا ہے۔کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کے قانونی حق کے حصول کی حمایت ہمیشہ جاری رکھیں گے۔
