سندھ کی تقسیم کا مطالبہ سیاسی مایوسی اور عوامی حمایت کھونے کا نتیجہ ہے:ناصر حسین شاہ

سندھ کی تقسیم کا مطالبہ سیاسی مایوسی اور عوامی حمایت کھونے کا نتیجہ ہے:ناصر حسین شاہ

کراچی: وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے سندھ کی تقسیم کے مطالبے اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی کے سندھ سے متعلق بیان پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ متحدہ کے رہنما سندھ کی تقسیم کے معاملے پر سیاسی شطرنج کے مہرے بنے ہوئے ہیں، متحدہ کی قیادت کی پسماندہ سیاسی سوچ ہی اس کی عوامی حمایت میں مسلسل کمی کا بنیادی سبب ہے، سندھ کے عوام پیپلز پارٹی کے ساتھ کھڑے ہیں اور متحدہ کو اسی بات کی تکلیف ہے کہ عوام نے نفرت اور تقسیم کی سیاست کے بجائے امن، محبت، ترقی اور سیاسی استحکام کو ترجیح دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ کی تقسیم کا مطالبہ درحقیقت سیاسی مایوسی اور عوامی حمایت کھونے کا نتیجہ ہے، متحدہ کو سندھ کی تقسیم کی بات کرنے کے بجائے سندھ کے عوام کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے تھا، سندھ ایک تاریخی، تہذیبی اور ناقابل تقسیم وحدت ہے جس کی شناخت، وحدت اور خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا۔
ناصر حسین شاہ نے کہا کہ سندھ کسی کی سیاسی خواہشات، اقتدار کی سیاست یا وقتی سیاسی مفادات کی بھینٹ نہیں چڑھے گا، سندھ کے عوام اپنی دھرتی، ثقافت اور شناخت کے تحفظ کے لیے متحد ہیں اور تقسیم و نفرت کی سیاست کو پہلے بھی مسترد کرچکے ہیں اور آئندہ بھی مسترد کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے عوام کی سیاسی ترجیحات تبدیل ہوچکی ہیں، شہری اب لسانی تقسیم، نفرت اور تصادم کے بجائے امن، روزگار، بنیادی سہولیات اور ترقی چاہتے ہیں، متحدہ کی قیادت کو سنجیدگی سے غور کرنا چاہیے کہ کراچی کے عوام نے اسے کیوں مسترد کیا اور وہ اب بھی ماضی کی سیاست سے باہر نکلنے کے لیے کیوں تیار نہیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی کارکردگی اور ترقیاتی اقدامات متحدہ کی سیاسی بے چینی کا سبب ہیں، وزیراعلیٰ سندھ نے مالی مشکلات اور محدود وسائل کے باوجود صوبے میں ترقیاتی عمل کی رفتار تیز کی اور عوامی فلاح کے متعدد منصوبوں کو عملی شکل دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت سندھ میں بڑے ترقیاتی منصوبے شروع کیے گئے ہیں جبکہ کراچی سمیت صوبے کے مختلف اضلاع میں عالمی اداروں کے تعاون سے اہم منصوبوں پر کام جاری ہے، ورلڈ بینک اور ایشیائی ترقیاتی بینک سمیت بین الاقوامی مالیاتی و ترقیاتی اداروں کا سندھ حکومت اور وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کی قیادت پر اعتماد ان کی بہتر حکمت عملی، محنت اور منصوبہ بندی کا ثبوت ہے۔ ناصر حسین شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت عالمی شراکت داری کو مؤثر انداز میں استعمال کرتے ہوئے انفرااسٹرکچر، شہری ترقی اور عوامی سہولیات کی بہتری کے لیے اقدامات کررہی ہے، ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت اس بات کا ثبوت ہے کہ صوبائی حکومت سیاسی بیان بازی کے بجائے عملی کام پر یقین رکھتی ہے۔ محمود خان اچکزئی کے سندھ سے متعلق بیان پر ردعمل دیتے ہوئے وزیر بلدیات نے کہا کہ سندھ کے حالات کو خیبرپختونخوا سے زیادہ خراب قرار دینے پر انہیں حیرت ہوئی ہے، کسی بھی صوبے کی صورتحال کے بارے میں رائے قائم کرنے سے پہلے زمینی حقائق، عوامی مسائل اور وہاں جاری ترقیاتی سرگرمیوں کا غیر جانب دارانہ جائزہ لینا ضروری ہے۔ محمود خان اچکزئی کو ایسا بیان دینے سے پہلے خیبرپختونخوا کے عوام سے بھی پوچھنا چاہیے تھا کہ انہیں درپیش مسائل اور صوبے کی موجودہ صورتحال کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبوں کے حالات کا تعین سیاسی بیانات اور پوائنٹ اسکورنگ سے نہیں بلکہ زمینی حقائق، حکومتی کارکردگی اور عوام کو فراہم کی جانے والی سہولیات سے ہوتا ہے۔ سندھ اور خیبرپختونخوا دونوں کے عوام سیاسی بیان بازی نہیں بلکہ عملی اقدامات، روزگار، تعلیم، صحت، امن و امان اور بنیادی سہولیات کی بہتری چاہتے ہیں، اس لیے سیاسی قیادت کو صوبوں کے مسائل پر غیر ضروری بیان بازی کے بجائے ان کے حل کے لیے کردار ادا کرنا چاہیے۔ صوبائی وزیر نے واضح کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ سندھ کی وحدت، خودمختاری، عوامی حقوق اور صوبائی تشخص کے تحفظ کے لیے جدوجہد کی ہے اور پارٹی قیادت سندھ کے عوام کے حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے عوام اپنی دھرتی اور تاریخی شناخت سے گہری وابستگی رکھتے ہیں، سندھ کو تقسیم کرنے کے خواب دیکھنے والے عوامی جذبات اور تاریخی حقائق کو سمجھنے کی کوشش کریں، سندھ کے عوام اپنی وحدت کے تحفظ کے لیے متحد ہیں اور کسی بھی ایسی سازش یا سیاسی ایجنڈے کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ ناصر حسین شاہ نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کی سیاست عوامی خدمت، جمہوری اقدار، صوبائی خودمختاری اور ترقی کے گرد گھومتی ہے، سندھ کے عوام نے بارہا اپنے سیاسی فیصلوں کے ذریعے واضح کیا ہے کہ وہ نفرت اور تقسیم کے بجائے اتحاد، ترقی اور جمہوری تسلسل کے حامی ہیں

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں