وزیراعظم کی”اپنا گھر اسکیم“ کے باعث تعمیراتی سرگرمیوں میں اضافہ ہو رہا ہے:چیئرمین آباد

وزیراعظم کی ہاؤسنگ اسکیم ”اپنا گھر اسکیم“ کے باعث تعمیراتی سرگرمیوں میں اضافہ ہو رہا ہے:چیئرمین آباد

کراچی: ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز (آباد) کے چیئرمین محمد حنیف گوہر نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی ہاؤسنگ اسکیم ”اپنا گھر اسکیم“ کے باعث تعمیراتی سرگرمیوں میں اضافہ ہو رہا ہے جو ملکی معیشت اور تعمیراتی صنعت کے لیے ایک خوش آئند پیش رفت ہے۔حکومت کی جانب سے گھروں کی تعمیر کے لیے سہولتوں اور مالی معاونت کی فراہمی سے نہ صرف عام شہریوں کو اپنی چھت حاصل کرنے کا موقع ملے گا بلکہ تعمیراتی شعبے اور اس سے وابستہ درجنوں صنعتوں میں بھی کاروباری سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہوگا۔

تعمیراتی مصنوعات کی 3 روزہ ان ہاؤس نمائش  کے دوسرے روز نمائش میں حصہ لینے  والی ذیلی صنعتوں  کے اسٹالز کے دورے کے موقع پر چیئرمین آباد محمد حنیف گوہر نے کہا کہ آباد ہاؤس میں تعمیراتی مصنوعات اور مٹیریل کی نمائش کا بنیادی مقصد بلڈرز، ڈیولپرز، مینوفیکچررز اور الائیڈ انڈسٹری سے وابستہ کمپنیوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنا ہے تاکہ ان کے درمیان کاروباری روابط کو مضبوط بنایا جاسکے اور تعمیراتی شعبے میں باہمی تعاون کو فروغ ملے۔ انھوں نے آباد کے تمام ممبران، بلڈرز، ڈیولپرز اور الائیڈ انڈسٹریز سے اپیل کی کہ وہ آباد کی ان ہاؤس نمائش میں بھرپور شرکت کریں اور اپنی مصنوعات اور خدمات کو متعارف کرانے کے لیے اس موقع سے فائدہ اٹھائیں۔

محمد حنیف گوہر نے کہا کہ تعمیراتی صنعت سے وابستہ تمام اسٹیک ہولڈرز کے لیے یہ ایک بہترین موقع ہے کہ وہ ایک دوسرے کے ساتھ براہ راست کاروباری روابط قائم کریں، جدید تعمیراتی مصنوعات سے آگاہی حاصل کریں اور اپنے کاروبار کو وسعت دیں۔

چیئرمین آباد نے کہا کہ اپنا گھر اسکیم سے تعمیراتی شعبے میں پیدا ہونے والی سرگرمیوں سے فائدہ اٹھانے کے لیے ضروری ہے کہ بلڈرز اور ڈیولپرز اس موقع کو مؤثر انداز میں استعمال کریں۔ حکومت کی ہاؤسنگ پالیسیوں اور نجی شعبے کے اشتراک سے ملک میں گھروں کی تعمیر کے عمل کو تیز کیا جاسکتا ہے، جس سے روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔ تعمیراتی صنعت ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کرتی ہے اور اس سے منسلک مختلف صنعتوں کی ترقی بھی اسی شعبے کی مضبوطی سے وابستہ ہے۔

آباد کی ان ہاؤس نمائش کا مقصد بھی تعمیراتی صنعت کو مزید فعال بنانا، مقامی مصنوعات کی تشہیر اور کاروباری سرگرمیوں کے نئے مواقع پیدا کرنا ہے۔حنیف گوہر نے امید ظاہرکی کہ آباد ان ہاؤس نمائش  میں بلڈرز، ڈیولپرز اور تعمیراتی مصنوعات تیار کرنے والی کمپنیوں کی بھرپور شرکت سے صنعت کے درمیان تعاون بڑھے گا اور اپنا گھر اسکیم کے تحت شروع ہونے والی تعمیراتی سرگرمیوں کو مزید تقویت ملے گی۔

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں