صحت مند طرزِ زندگی اپنا کر ٹائپ ٹو ذیابیطس سے بچاؤ ممکن ہے: مراد علی شاہ
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا ذیابیطس سے آگاہی کے عالمی دن پر پیغام
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ذیابیطس سے بچاؤ اور آگاہی کے لیے اجتماعی کوششیں وقت کی اہم ضرورت ہیں،ذیابیطس دنیا بھر میں تیزی سے پھیلنے والا مرض ہے، ذیابیطس ایک خاموش مرض ہے، بروقت تشخیص اور احتیاط سے اس کے خطرات کم کیے جا سکتے ہیں، صحت مند طرزِ زندگی اپنا کر ٹائپ ٹو ذیابیطس سے بچاؤ ممکن ہے۔
سید مراد علی شاہ نے کہا کہ متوازن غذا، روزانہ ورزش اور جسمانی سرگرمیوں کو معمول بنانا ضروری ہے، موٹاپے اور غیر صحت بخش غذائی عادات پر قابو پا کر ذیابیطس کے خطرات کم کیے جا سکتے ہیں، ذیابیطس بینائی کی کمی، گردوں کی خرابی، دل کے امراض اور فالج کا سبب بن سکتی ہے، ذیابیطس کے مریض باقاعدگی سے طبی معائنہ اور ڈاکٹرز کی ہدایات پر عمل کریں۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ ذیابیطس سے بچاؤ کے لیے عوام میں شعور اور آگاہی پیدا کرنا ناگزیر ہے۔ حکومت صحت عامہ کے تحفظ اور بیماریوں کی بروقت تشخیص کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔ سرکاری اسپتالوں میں عوام کو طبی سہولیات کی فراہمی اور علاج معالجے کے نظام کو بہتر بنانا حکومت کی ترجیح ہے۔ سندھ حکومت عوام کو ذیابیطس سمیت غیر متعدی امراض سے بچاؤ اور احتیاطی تدابیر سے آگاہ کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ بنیادی مراکز صحت سے لے کر بڑے اسپتالوں تک معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے مسلسل کام کیا جا رہا ہے، بیماریوں کی بروقت تشخیص، علاج اور طبی پیچیدگیوں سے بچاؤ کے لیے عوام میں اسکریننگ کی اہمیت اجاگر کرنا ضروری ہے، صحت مند سماج کے قیام کے لیے بیماریوں کی روک تھام اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی ہماری ترجیح ہے، سندھ حکومت عوام کو بہتر طبی سہولیات اور بیماریوں سے بچاؤ کے لیے آگاہی فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے، عالمی یوم ذیابیطس ہمیں اپنی صحت کا خیال رکھنے اور دوسروں کو بھی آگاہ کرنے کا پیغام دیتا ہے۔
