بیرون ملک مقیم باصلاحیت پاکستانی نوجوان اُن سمیت پوری قوم کا فخر ہیں: وزیرِ اعظم
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ بیرون ملک مقیم باصلاحیت پاکستانی نوجوان اُن سمیت پوری قوم کا فخر ہیں۔ مجھے پختہ یقین ہے کہ پاکستان کی قسمت نوجوان ہی بدل سکتے ہیں۔ انھوں نے ان خیالات کا اظہار امریکہ میں مقیم پاکستانی برداری اور نوجوانوں کے وفود سے بات چیت میں کہی جنہوں نے وزیرِ اعظم شہباز شریف سے نیویارک میں الگ الگ ملاقاتیں کیں۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف سے امریکہ میں مقیم پاکستانی نوجوانوں کے وفد نے ملاقات کی۔ وفد میں صحت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت اور سماجی آنٹرپرونیورز کے ساتھ مختلف یوتھ این جی اوز کے سربراہان اور پروفیشنلز شریک تھے۔
وزیرِاعظم نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے نوجوانوں کو مختلف شعبہ جات میں بہتری کیلئے تجاویز دینے اور پاکستان کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کی دعوت دی۔
محمد شہباز شریف نے مزید کہا کہ پاکستان بھر کے نوجوانوں کو با اختیار بنانے کیلئے آئی ٹی، مصنوعی ذہانت اور جدید ہنر سکھانے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں. خادم پنجاب کے دور سے باصلاحیت نوجوانوں کو لیپ ٹاپس، وظائف اور معاشی طور پر کمزور طلباء و طالبات کو دانش اسکولز کے ذریعے یکساں تعلیم کے مواقع فراہم کرنے کا جو سلسلہ شروع کیا تھا، وہ بطور خادم پاکستان بھی جاری ہے.
وزیرِ اعظم نے کہا کہ معاشی طور پر کمزور بچوں کو دانش اسکولز کے ذریعے بین الاقوامی معیار کی تعلیم فراہم کرنے کے ساتھ اب عالمی معیار کی دانش یونیورسٹی کا قیام بھی عمل میں لایا جا رہا ہے۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ پاکستان کے نوجوانوں کی ترقی کیلئے آپکی تجاویز کا خیر مقدم کرتے ہیں۔
نوجوانوں نے وزیرِ اعظم کے نوجوانوں کی ترقی بالخصوص آئی ٹی، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور کاروبار میں آسانی کیلئے اقدامات پر خراج تحسین پیش کیا۔
ملاقاتوں میں چئیرمین وزیرِ اعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان، معاون خصوصی بلال بن ثاقب، پاکستان کے اقوام متحدہ میں مستقل مندوب عاصم افتخار، پاکستان کے امریکہ میں سفیر رضوان احمد شیخ، وزیرِ اعظم کے غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے ترجمان مشرف زیدی، چئیرمین اوور سیز فاؤنڈیشن سید قمر رضا، مینیجنگ ڈائیریکٹر اوورسیز فاؤنڈیشن افضال بھٹی اور متعلقہ حکام بھی شریک تھے۔
