فائر سیفٹی کی تربیت ہنگامی حالات میں بروقت اور مؤثر کارروائی کے لیے ناگزیر ہے:ہادی بخش کلہوڑو
کراچی: کمشنر سندھ ایمپلائز سوشل سکیورٹی انسٹی ٹیوشن (سیسی) ہادی بخش کلہوڑو نے کہا ہے کہ فائر سیفٹی کے حوالے سے آگاہی اور عملی تربیت خصوصاً ہیلتھ کیئر اداروں کے لیے انتہائی ضروری ہے، کیونکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں بروقت اور مؤثر اقدامات قیمتی جانوں کے تحفظ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ یہ بات انہوں نے سندھ ایمپلائز سوشل سکیورٹی انسٹی ٹیوشن (سیسی) ہیڈ آفس میں افسران و ملازمین کے لیے منعقدہ دو روزہ فائر سیفٹی تربیتی کورس کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔تقریب کے اختتامی سیشن میں میڈیکل ایڈوائزرڈاکٹرکامران اعوان اور ڈاکٹرسعادت احمدمیمن نے بھی شرکت کی۔
کمشنر سیسی نے کہاکہ فائر سیفٹی کی تربیت سے افسران و ملازمین کو نہ صرف ممکنہ خطرات کی نشاندہی اور ان سے بچاؤ کے طریقوں سے آگاہی حاصل ہوتی ہے بلکہ ہنگامی حالات میں فوری ردعمل اور محفوظ انخلا کے حوالے سے بھی عملی رہنمائی ملتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس تربیتی کورس کے دوران انہوں نے بھی بہت کچھ سیکھا ہے اور سیسی کے تمام ہسپتالوں، صحت کے مراکز اور دفاتر میں فائر سیفٹی کے حوالے سے تربیت اور عملی مشقوں کا انعقاد ضروری ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں افسران و ملازمین بروقت اور مؤثر اقدامات کر سکیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ سیسی کے ہسپتالوں، سرکلز اور ڈائریکٹوریٹس میں فائر ایکسٹنگوشرز سمیت دیگر فائر سیفٹی آلات کی باقاعدگی سے جانچ اور معائنہ یقینی بنایا جائے۔ کمشنر سیسی نے بتایا کہ فائر سیفٹی کے حوالے سے اسی نوعیت کے تربیتی سیشنز سندھ بھر میں سیسی کے دیگر ہسپتالوں، صحت کے مراکز اور دفاتر میں بھی منعقد کیے جائیں گے، تاکہ فائر سیفٹی اقدامات پر مؤثر عملدرآمد، مقررہ ایس او پیز کی پابندی اور عملے کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی صلاحیت کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔
فائر اینڈ سیفٹی اور ایمرجنسی رسپانس پلاننگ کے ماہر اور کیئر وِنگ کے بانی و کلیدی تربیتی سہولت کار طارق معین نے تربیتی کورس کے دوران شرکاء کو آگ سے بچاؤ، فائر سیفٹی، ایمرجنسی رسپانس اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کے طریقۂ کار کے حوالے سے تفصیلی معلومات فراہم کیں اور عملی مشقیں بھی کرائیں۔
قبل ازیں تقریب کا آغاز صنوبر عامرکے خطبۂ استقبالیہ سے ہوا۔ انہوں نے کمشنر سیسی ہادی بخش کلہوڑو اور کیئر وِنگ کے بانی و کلیدی تربیتی سہولت کار اور ماہر ٹرینر طارق معین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ تربیتی کورس کے دوران شرکاء کو فائر سیفٹی اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے حوالے سے مفید معلومات اور عملی تربیت فراہم کی گئی۔
آخر میں کمشنر سیسی ہادی بخش کلہوڑو نے طارق معین کو سندھ کی روایتی اجرک، سندھی ٹوپی اور سیسی کی یادگاری شیلڈ پیش کی۔ کمشنر سیسی ، ڈاکٹرسعادت میمن اور ڈاکٹرکامران اعوان نے تربیتی کورس کامیابی سے مکمل کرنے والے افسران و ملازمین میں سرٹیفکیٹس بھی تقسیم کیے۔تربیتی کورس میں سیسی کے مختلف دفاتر ، طبی مراکز اور ہیڈآفس کے 40 افسران وملازمین نے تربیت حاصل کی۔
