میئر کراچی نے گرومندر سے تین ہٹی تک جہانگیر روڈ کی بہتری و بحالی منصوبے کا افتتاح کردیا۔
کراچی: میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے گرومندر سے تین ہٹی تک جہانگیر روڈ کی بہتری و بحالی منصوبے کا افتتاح کردیا۔
اس موقع پر سٹی کونسل میں پاکستان پیپلزپارٹی کے پارلیمانی لیڈر کرم اللہ وقاصی، ڈپٹی پارلیمانی لیڈر دل محمد، سٹی کونسل کے دیگر اراکین، منتخب نمائندے، یوسی کونسلر وہاب، شکیل بلوچ، علی کلانچی، ثنا ء اللہ، ناصر بلوچ، شاہ مراد اور دیگر بھی موجود تھے۔
منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ منصوبے پر 36 کروڑ روپے کی لاگت سے سڑک کی بحالی، کشادگی، نکاسی آب، فٹ پاتھ، لین مارکنگ اور روشنی کا انتظام سمیت مختلف ترقیاتی کام مکمل کیے گئے ہیں،جہانگیر روڈ کی بحالی کے منصوبے کے تحت 1.4 کلومیٹر طویل دوطرفہ سڑک کو 26 فٹ سے بڑھا کر 32 فٹ تک چوڑا کیا گیا ہے جبکہ سڑک پر 2 لاکھ 52 ہزار مربع فٹ 80 ایم ایم اور 70 ہزار مربع فٹ 60 ایم ایم پیورنگ بلاکس بچھائے گئے ہیں، منصوبے کے تحت 50 ہزار مربع فٹ اسفالٹ بیس کورس اور 50 ہزار مربع فٹ اسفالٹ کنکریٹ کا کام بھی مکمل کیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ جہانگیر روڈ منصوبے میں سڑک کے ساتھ موجود خراب سیوریج لائنوں کی بحالی کے علاوہ 36 انچ قطر کی برساتی پانی کی نکاسی کی لائن کا 11 ہزار 800 رننگ فٹ سے زائد وینچنگ کا کام مکمل کیا گیا ہے، نکاسی آب کے نظام کو مزید بہتر بنانے کے لیے سیوریج لائنوں کو لیاری ندی تک مربوط کیا گیا ہے جبکہ منصوبے کے تحت 45 مین ہولز بھی تعمیر کیے گئے ہیں۔
میئر کراچی نے کہا کہ جہانگیر روڈ کے دونوں طرف لین مارکنگ، کرب بلاکس اور فٹ پاتھ کا کام بھی مکمل کیا گیا ہے، سڑک کی خوبصورتی اور روشنی کے لیے 80 نئی سولر لائٹس نصب کی گئی ہیں جبکہ 6 خراب لائٹ پولز بھی تبدیل کردیئے گئے ہیں،میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ جہانگیر روڈ آنے کا بنیادی مقصد شہریوں سے کیا گیا ایک وعدہ وفا کرنا ہے، بلدیہ عظمیٰ کراچی نے جہانگیر روڈ کو ازسرنو تعمیر کیا ہے، سڑک کی اسٹریٹ لائٹس کو سولر سسٹم پر منتقل کردیا گیا ہے جبکہ یہاں سے گزرنے والے لاکھوں شہری بلدیہ عظمیٰ کراچی کی کاوشوں سے مستفید ہورہے ہیں، جہانگیر روڈ پر گھنٹوں دھول مٹی میں پھنسنے والے شہریوں کو اب بہتر سفری سہولت میسر آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ علاقے کے لوگوں کو لوڈشیڈنگ کے باعث مشکلات کا سامنا ہے، اسی لیے جہانگیر روڈ کی اسٹریٹ لائٹس کو سولر سسٹم پر منتقل کیا گیا ہے، سہراب گوٹھ جانے والے لاکھوں افراد اس شاہراہ کو استعمال کرتے ہیں، سڑک کی بحالی سے ان کی آمدورفت میں آسانی پیدا ہوگی،ایس ایم توفیق روڈ کی بحالی کا کام بھی شروع کردیا گیا ہے جبکہ گرومندر سے پٹیل پاڑہ جانے والی سڑک پر بھی کام ہورہا ہے، نشتر روڈ فلائی اوور کی تعمیرات کا کام بھی جاری ہے، لوگوں سے کیے گئے وعدے وفا کریں گے اور ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کا سلسلہ جاری رکھیں گے، وعدوں کو وفا کرنے کا سلسلہ پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت آگے لے کر چل رہی ہے، تمام کارکنان کی ترجیح عوام سے کیے گئے وعدوں کو پورا کرنا ہے، رواں سال ترقیاتی کاموں کی تکمیل کا سال ہے اور اس سال کراچی بہتر ہوتا دکھائی دے گا۔
انہوں نے کہا کہ جہانگیر روڈ پر مسلمان، مسیحی اور ہندو سمیت مختلف مذاہب اور تمام زبانیں بولنے والے لوگ آباد ہیں، کراچی سب کا شہر ہے اور بلدیہ عظمیٰ کراچی بلاامتیاز شہریوں کے لیے کام کررہی ہے، انہوں نے کہا کہ ووٹ لینے کے وقت کہا جاتا ہے کہ عوام کے مسائل حل کریں گے، لیکن عملی طور پر کام کرنے کے لیے صرف پاکستان پیپلز پارٹی سامنے آتی ہے، پیپلز پارٹی اپنے منشور پر عمل کرتی ہے، منافقت سے کام نہیں چلتا، جو لوگ آپس میں متحد نہیں وہ اس شہر کا مقدمہ کیسے لڑیں گے، ہمیں فخر ہے کہ سندھ کے ہر ضلع میں مقامی حکومت موجود ہے اور عوامی مسائل کے حل کے لیے کام کیا جارہا ہے، انہوں نے سیاسی مخالفین پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جو لوگ حکومت میں موجود ہیں وہ دھرنے دیتے ہیں جس علاقے میں جہانگیر روڈ واقع ہے یہ ٹاؤن جماعت اسلامی کا ہے جبکہ ضلع شرقی کے گلشن 13 ڈی کے جماعت اسلامی کے علاقے میں بھی سڑک کی تعمیر کا کام بھی پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکن اقبال ساند کرارہے ہیں، انہوں نے کہا کہ کراچی کی ترقی سیاسی وابستگی سے بالاتر ہوکر کی جارہی ہے۔
میئر کراچی نے کہا کہ کراچی میں چائنا کٹنگ کرنے والوں کا خواب کبھی پورا نہیں ہوگا، کراچی والے انہیں مسترد کرچکے ہیں اور ان کا مفاد اپنی ذات تک محدود ہے، کے ایم سی نے جہانگیر روڈ پر پیڈسٹرین برج بھی تعمیر کیا ہے، انہوں نے کہا کہ کراچی کی ترقی کا سفر جاری رہے گا اور ہم اس شہر کے لیے کام کررہے ہیں کیونکہ کراچی ہمارا شہر ہے،میئر کی مدت قانون میں مقرر ہے، جتنا وقت ملے گا اس شہر کی خدمت کرتا رہوں گا، کے ایم سی رواں سال 70 نئے پارکس بنانے جارہی ہے اور شہر میں ترقیاتی کاموں کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا، وفاقی حکومت نے ایم کیو ایم کے رکن قومی اسمبلی کو جو فنڈز دیے ہیں وہ کے ایم سی کو فراہم کیے جائیں تاکہ کراچی میں بھی ترقیاتی کام تیز کیے جاسکیں،میئر کراچی نے کہا کہ کراچی کے پانی کا کوٹہ بڑھانے کے لیے اب تک وفاقی حکومت کی جانب سے کوئی رابطہ نہیں کیا گیا تاہم وہ چیئرمین واپڈا سے رابطے میں ہیں، کراچی کے مسائل کے حل کے لیے ہر فورم پر آواز اٹھائی جائے گی اور شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے بلدیہ عظمیٰ کراچی اپنی ذمہ داریاں ادا کرتی رہے گی، کراچی میں سڑکوں کی بحالی اور بنیادی شہری سہولیات کی بہتری کا سلسلہ جاری ہے اور شہریوں کو بہتر سفری سہولیات کی فراہمی اور انفراسٹرکچر کی بہتری ہماری ترجیحات میں شامل ہے،شہر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا مقصد شہریوں کو بہتر، محفوظ اور آرام دہ سفری سہولیات فراہم کرنا اور بنیادی شہری انفراسٹرکچر کو مزید مستحکم بنانا ہے۔
