وزیراعظم سے پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر کی الوداعی ملاقات
وزیراعظم محمد شہباز شریف سے پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے اپنی سفارتی ذمہ داریوں کی تکمیل پر وزیراعظم ہاؤس، اسلام آباد میں الوداعی ملاقات کی۔
وزیراعظم نے سعودی سفیر کو پاکستان میں اپنی سفارتی ذمہ داریاں کامیابی سے مکمل کرنے پر مبارکباد دی۔ انھوں نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان گہرے برادرانہ اور تزویراتی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے سعودی سفیر کی نمایاں خدمات کو سراہا۔
وزیراعظم نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کے لیے اپنی نیک تمناؤں اور صحت و تندرستی کی دعاؤں کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے پاکستان کے لیے سعودی عرب کی مسلسل حمایت اور فراخدلانہ معاونت کو سراہتے ہوئے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے سعودی عرب کے اہم کردار کی بھی تعریف کی۔
سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے اپنی سفارتی ذمہ داریوں کے دوران پاکستان کی جانب سے ملنے والی گرمجوشی، تعاون اور مہمان نوازی پر وزیراعظم اور پاکستان کی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے پاکستان میں اپنے قیام کو ایک یادگار اور خوشگوار تجربہ قرار دیتے ہوئے پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اپنے ذاتی عزم کا اعادہ کیا۔وزیراعظم نے سعودی سفیر کے لیے ان کی مستقبل کی ذمہ داریوں میں کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا
