مضبوط لائیو اسٹاک شعبہ، مستحکم دیہی معیشت اور خوشحال سندھ ہمارا عزم ہے: وزیراعلی سندھ
کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا سندھ انسٹیٹیوٹ آف اینیمل ہیلتھ میں نئی سہولیات کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں کہا کہ سندھ انسٹیٹیوٹ آف اینیمل ہیلتھ میں جدید سہولیات کا قیام اہم پیش رفت ہے،نئی سہولیات سے جانوروں کی صحت، تحقیق اور بیماریوں کی نگرانی کا نظام مزید مضبوط ہوگا۔
سید مراد علی شاہ نے کہا کہ لائیو اسٹاک سندھ کی معیشت کا اہم ستون اور لاکھوں خاندانوں کے روزگار کا ذریعہ ہے،لائیو اسٹاک کا شعبہ غذائی تحفظ، روزگار اور دیہی خوشحالی میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔صحت مند مویشی، بہتر پیداوار اور کسانوں کی آمدن میں اضافہ ہماری بنیادی ترجیحات ہیں،حکومت سندھ جانوروں کی صحت اور ویٹرنری خدمات کے فروغ پر مسلسل سرمایہ کاری کر رہی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ جدید پیٹ اسپتال میں علاج، سرجری، انتہائی نگہداشت اور تشخیص کی جدید سہولیات فراہم کی گئی ہیں، پیٹ اسپتال میں پالتو جانوروں کو بین الاقوامی معیار کے مطابق طبی سہولیات میسر ہوں گی،نئے تشخیصی و تحقیقی کمپلیکس میں ڈیری، اینالیٹیکل اور پیراسائٹولوجی لیبارٹریز قائم کی گئی ہیں.
