شام کے وزیر خارجہ اسعد حسن الشیبانی کا 19 سال بعد پاکستان کا اہم دورہ مکمل
شام کے وزیر خارجہ اسعد حسن الشیبانی کا 19 سال بعد پاکستان کا اہم دورہ مکمل ہوگیا۔ شامی خبر رساں ادارے سریا عرب نیوز ایجنسی کے مطابق دورے کے دوران پاکستان اور شام کے درمیان سیاسی، سکیورٹی اور اقتصادی تعاون مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاکستان نے شام کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت سمیت مقبوضہ گولان کے معاملے پر شام کے مؤقف کی حمایت کا اعادہ کیا۔ پاکستان نے ادلب کے ابو الظہور ہوائی اڈے پر اسرائیلی حملوں کی بھی مذمت کرتے ہوئے انہیں بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی قرار دیا۔
اسعد حسن الشیبانی نے وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کیں۔ شامی وزیر خارجہ نے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کا خیرمقدم کرتے ہوئے پاکستان کے علاقائی کردار کو سراہا۔
دونوں ممالک کے درمیان عوامی اور تجارتی روابط بڑھانے کے لیے براہِ راست پروازوں کی بحالی، سرمایہ کاری فورم کے انعقاد اور امریکا ایران کشیدگی کم کرنے میں پاکستان کے کردار پر بھی گفتگو ہوئی۔
شامی مشیر محمد الجفال کے مطابق یہ دورہ ایک اہم وقت میں ہوا ہے جب پاکستان اور شام کے تعلقات مزید تعاون کی جانب بڑھ رہے ہیں۔ دمشق نے ریاض، انقرہ اور اسلام آباد کے ساتھ تعلقات کو علاقائی استحکام کے لیے خصوصی اہمیت کا حامل قرار دیا ہے۔
