وزیراعظم نے بارشوں و سیلاب متاثرین کی مالی معاونت اور امدادی کارروائیاں تیز کرنے کا حکم دے دیا

وزیراعظم نے بارشوں و سیلاب متاثرین کی مالی معاونت اور امدادی کارروائیاں تیز کرنے کا حکم دے دیا

ملک میں حالیہ مون سون بارشوں اور ان سے ہونے والے نقصانات کے حوالے سے اہم اجلاس وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ہوا۔

انہوں نے متاثرہ خاندانوں کی مالی معاونت کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ جاں بحق تمام افراد کے خاندانوں کی مالی معاونت کی جائے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ سیلاب اور بارشوں میں مکمل یا جزوی طور پر تباہ ہونے والے گھروں کے مالکان کی بھی مالی معاونت کی جائے۔

وزیراعظم نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بجلی کی ترسیل کے نظام اور سڑکوں کی بحالی جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ جن متاثرہ علاقوں میں رسائی نہ ہونے کے باعث امداد نہیں پہنچ سکی، وہاں اشیائے خور و نوش اور دیگر امدادی سامان جلد از جلد پہنچایا جائے۔

اجلاس میں وزیراعظم کو مون سون 2026 کے اثرات اور صوبوں اور این ڈی ایم اے کی جانب سے امدادی کارروائیوں میں پیشرفت پر بریفنگ دی گئی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملک کے تمام متاثرہ علاقوں میں سیلاب متاثرین کی محفوظ مقامات پر بروقت منتقلی کی جاچکی ہے۔ مزید بارشوں اور سیلاب کے پیش نظر این ڈی ایم اے اور صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیوں کی ٹیمیں عوام کی مدد کے لیے تیار ہیں۔ ملک بھر میں مون سون بارشوں سے متاثرہ علاقوں میں اب تک مجموعی طور پر 615 ٹن امدادی سامان بھیجا جاچکا ہے اور متاثرہ علاقوں میں مزید امدادی سامان بھیجنے کے حوالے سے بھی اقدامات کیے جارہے ہیں۔

وزیراعظم کو بتایا گیا کہ پنجاب، سندھ، بلوچستان، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر میں بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں انفراسٹرکچر کی بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے۔ شمالی علاقوں میں ارلی وارننگ سسٹم فعال ہیں، جن کی بدولت سیلاب سے قبل متعدد شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔

اجلاس میں وفاقی وزرا احسن اقبال، احد خان چیمہ، شزا فاطمہ خواجہ، معین وٹو، ڈاکٹر مصدق مسعود ملک اور سردار اویس لغاری شریک ہوئے۔

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں